کرناٹک ہائی کورٹ سے ملی کانگریس کو بڑی راحت: ٹویٹر ہینڈل بلاک کرنے کے حکم کوہائی کورٹ نے کیا رد
03:20PM Tue 8 Nov, 2022
بنگلورو: 8 اکتوبر،2022 (ایجنسی) کرناٹک ہائی کورٹ سے کانگریس کو بڑی راحت ملی ہے۔ عدالت نے پارٹی کے ٹویٹر اکاؤنٹ اور اس کے بھارت جوڑو یاترا سے وابستہ ٹویٹر اکاونٹ کو بلاک کرنے کے حکم پر روک لگا دی ہے۔
کانگریس نے اس سلسلہ میں ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ بنگلورو کی ایک عدالت نے آئی این سی انڈیا اور بھارت جوڑو یاترا کے ٹویٹر ہینڈلز کو بلاک کرنے کا حکم دیا تھا ۔ کرناٹک ہائی کورٹ نے اس یک طرفہ حکم کو رد کر دیا ہے۔ ہم معزز عدالت کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ہم عدالت کی ہدایات پر عمل کریں گے۔ ہم عام لوگوں کیلئے لڑتے رہیں گے اور ان کی آواز بنتے رہیں گے۔
اس سے پہلے بنگلورو سٹی ڈسٹرکٹ کی ایک خصوصی عدالت نے پیر کو مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹویٹر کو انڈین نیشنل کانگریس اور اس کی بھارت جوڑو یاترا کے ٹویٹر ہینڈل کو سماعت کی اگلی تاریخ تک بلاک کرنے کا حکم دیا تھا ۔ یہ ٹویٹر ہینڈل @INCIndia اور @bharatjodo ہیں ۔
کورٹ نے کانگریس کے ذریعہ پوسٹ کئے گئے تین ٹویٹس کو بھی ہٹانے کا حکم دیا تھا ۔ کورٹ کا یہ حکم ایم آر ٹی میوزک کی جانب سے دائر ایک عرضی پر آیا تھا، جو کے جی ایف ٹو فلم کے ساونڈ ٹریک کا کاپی رائٹ ہولڈر ہے ۔