ریاستی وزیر ایشورپا پر  بدعنوانی کا الزام لگانے والے کنٹراکٹر نے کی خود کشی: گھر والوں نے کیا  انصاف کا مطالبہ

11:10AM Tue 12 Apr, 2022

بیلگاوی: 12 اپریل 22  (ذرائع) کرناٹک کے ریاستی وزیر کے ایس ایشورپا پر ٹھیکوں کے بدلے40فیصد کمیشن وصول کرنے کا الزام لگانے والے کنٹراکٹر نے آج یہاں خودکشی کرلی ہے۔ ٹھیکدار سنتوش پاٹل نے  خودکشی سے قبل دیتھ نوٹ لکھا ہے جس میں انہوں نے کہاہے کہ ان کی موت کیلئے ایشورپاذمہ دارہیں جن کی باربار کی ہراسانی کی  وجہ سے وہ خودکشی کررہے ہیں۔مزید انہوں نے وزیر اعظم مودی،وزیر اعلیٰ بومائی اور سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا سے گذارش کی ہے کہ وہ ان کے اہل وعیال کی بقیہ زندگی کیلئے تعاؤن کریں۔ واضح رہےکہ ایشورپا کے خلاف پچھلے دنوں سنتوش پاٹل نے وزیر اعظم مودی کو خط لکھ کر الزام لگایاتھاکہ وہ ٹھیکوں کے بل منظورکرنےکیلئے40 فیصد کمیشن وصول کرتے ہیں،اس تعلق سے شکایت کیے جانے کے باوجود ایشورپاکے خلاف نہ تو ریاستی حکومت نے کسی طرح کی کارروائی کی اور نہ ہی ملک کے وزیر اعظم نریندرمودی  نے تحقیقات کیلئے کچھ پہل کی۔ تاہم سنتوش کے گھر والوں نے کہا ہے کہ جب تک انہیں انصاف نہیں ملے گا اور ایشورپا کو سزا نہیں سنائی جائے گی اس وقت تک سنتوش کی آخری رسومات ادا نہیں کی جائیں گیں۔