ہندوستان کے عازمین حج کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ بغیرمحرم سفر حج پر جانے والی خواتین سمیت 1,75,025؍مسلمان عظیم فریضہ اداکریں گے:نقوی

04:01PM Sun 1 Jul, 2018

نئی دہلی: یکم جولائی،2018(یو این آئی) مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج یہاں کہا کہ حج سبسیڈی ختم کئے جانے کے باوجود اس بار سرکار کی طرف سے جانے والے ہند وستانی عازمین حج کو ہوائی سفر کے لئے 57؍کروڑ روپے کم دینا پڑے گا۔نئی دہلی میں حج کوآرڈی نیٹر، اسسٹنٹ حج آفیسر، حج اسسٹنٹ کے ٹریننگ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر نقوی نے کہا کہ2017ء میں ایک لاکھ 24؍ ہزار 852؍عازمین حج کے لئے 1,030؍ کروڑ روپے فضائی کمپنیوں کو ہوائی جہازمیں سیٹ کے طور پر دیئے گئے تھے جبکہ2018ء میں حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ جانے والے ایک لاکھ 28؍ ہزار 702؍ حاجیوں کے لئے 974؍ کروڑ روپے دیئے جائیں گے جو گزشتہ سال کے مقابلے 57؍کروڑ روپے کم ہے ۔مسٹر نقوی نے کہا کہ اس سال حج کیلئے 3 لاکھ 55؍ ہزار 604؍درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں ایک لاکھ 89؍ہزار217؍مرد اور ایک لاکھ 66؍ ہزار 387؍ خواتین شامل ہیں۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ ہندوستان سے پہلی بار 1,308؍مسلمان عورتیں ’’بغیر محرم‘‘ (مرد رشتہ دار) کے حج پر جا رہی ہیں۔مسٹر نقوی نے کہا کہ پہلی بار عازمین حج کو اپنے اصل امبارکیشن پوائنٹ کے علاوہ کسی ایک اور امبارکیشن پوائنٹ سے بھی جانے کی اجازت دی گئی ہے جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔مسٹر نقوی نے کہا کہ حج سبسیڈی ختم ہونے اور سعودی عرب میں مختلف نئے ٹیکس کے باوجود آزادی کے بعد پہلی بار سب سے زیادہ ہندوستانی عازمین2018ء میں سفر حج کریں گے ۔ آزادی کے بعد پہلی بار، ایک لاکھ75؍ہزار 25؍ ہندوستانی مسلمانوں کا 2018ء میں حج پر جانا ایک ریکارڈ ہوگا۔ اس سال حج پر جانے والوں میں47؍فیصد سے زائد خواتین کا شامل ہونا بھی ایک ریکارڈ ہے۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ حج سبسیڈی ختم ہونے اور سعودی عرب میں مختلف ٹیکسوں میں اضافے کے باوجود ہندوستان سے جانے والے عازمین پر کوئی ناجائز بوجھ نہیں پڑنے دیا جا رہا ہے۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ ہندوستان سے پہلی بار بڑی تعداد میں خواتین حج کوآرڈی نیٹر، حج اسسٹنٹ ، پیرا میڈکس، ڈاکٹراورخادم الحجاج سعودی عرب میں حج انتظامات میں تعاون کرنے جا رہے ہیں۔ مجموعی طور پر98؍ خواتین اسسٹنٹ حج افسران، حج اسسٹنٹ، حج کوآرڈی نیٹر، خواتین ڈاکٹر، خواتین پیرا میڈکس بھی سعودی عرب جا رہی ہیں۔ اس ٹریننگ کیمپ میں اقلیتی وزارت، وزارت صحت، وزارت شہری ترقیات وغیرہ کے نمائندوں نے ان حج اسسٹنٹ ؍ کوآرڈی نیٹر کو حج، حاجیوں کی صحت، نقل و حمل ، رہائش، سکیورٹی وغیرہ سے متعلق مختلف معلومات دیں۔احمد آباد سے6,700، اورنگ آباد سے 350، بنگلور سے 5,550، بھوپال سے 254، کوچین سے 11,700، چینئی سے4,000، دہلی سے19,000، گیا سے5,140، گوا سے450، گوہاٹی سے2,950، حیدرآباد سے 7,600، جے پور سے5,500، کولکتہ سے 11,610، لکھنؤ سے 14,500، منگلور سے 430، ممبئی سے14,200، ناگپور سے 2,800، رانچی سے 2100، سری نگر سے 8,950، وارانسی سے 3,250؍لوگ اس سال حج پر جا رہے ہیں، جو اب تک کی ریکارڈ تعداد ہو جائے گی۔14؍ جولائی 2018ء کو دہلی، گیا، گو ہا ٹی ، لکھنؤ اور سرینگر سے حج کے لئے پروازیں شرو ع ہورہی ہیں ۔ 17؍جولائی 2018ء کو کولکتہ سے ، 20؍جولائی کو وارانسی سے ،21؍جولائی کو منگلور سے ، 26؍جولائی کو گوا سے ، 29؍جولائی کو اورنگ آباد، چنئی، ممبئی، ناگپور سے ، 30؍جولائی کو رانچی سے ، یکم اگست کو احمد آباد، بنگلور، کو چین ، حیدرآباد، جے پور اور3؍ اگست سے بھوپال سے عازمین حج کی روانگی ہو گی۔