Heavy Rains Lash Bhatkal, Normal Life Disrupted

07:51PM Tue 21 May, 2024

بھٹکل : 21 مئی،2024 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں دو دن سے وقفے وقفے کے ساتھ بارش  کا سلسلہ جاری ہے،  لیکن آج شام کے وقت مسلسل دیڑھ گھنٹے تک طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہوئی زوردار بارش نے عوام کے لیے مشکلات کھڑی کردی ہیں۔

بھٹکل میں شام 06:30 بجے کے بعد بجلی اور کڑک کے ساتھ لگی زوردار بارش نے   معمولات زندگی میں خلل ڈال دیا۔ تیز بارش کے لیے عوام کی تیاری نہ ہونے کے سبب کئی افراد بارش کی وجہ سے دیڑھ گھنٹے تک ایک ہی جگہ  پھنسے رہے جبکہ بارش کے پانی کے نکلنے کے لیے نالیاں ہموار نہ ہونے کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں  سڑکیں تالاب میں تبدیل ہوگئیں اور معمول کے مطابق بھٹکل مین روڈ بازار علاقے سمیت شمس الدین سرکل، نور مسجد کے قریب جماعت کامپلیکس اور رنگین کٹہ وغیرہ میں پانی جمع نظر آیا جس سے گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ساتھ ہی دکانداروں کو بھی پانی دکانوں میں گھسنے کا خوف ستانے لگا۔ عوام کے مطابق ہائی وے پر  بجلی کھمبوں کا مناسب انتظام نہ ہونے کی بنا پر بھی پیدل چلنے والے اور سواریوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ادھر بھٹکل میں بارش کے شروع ہوتے ہی بجلی کی آنکھ مچولی بھی شروع ہوگئی ہے جو مسئلہ عوام کے لیے ہمیشہ کی طرح درد سر بننے والا ہے ۔ سال کی پہلی زوردار بارش کے ہوتے ہی ایسا لگ رہا ہے کہ بھٹکل میں انتظامیہ پوری طور تیار نہیں ہے جس کی وجہ سے عوام کو ہر جگہ مشکلات سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے ۔