وزیر اعظم مودی نے بنگلورو میں دیرینہ وائٹ فیلڈ میٹرو کا کیا افتتاح
04:29PM Sat 25 Mar, 2023

بنگلورو: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز بنگلورو میں 4249 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ وائٹ فیلڈ (کادوگوڈی) سے کرشنا راج پورم (کے آر پورم) میٹرو لائن کا افتتاح کیا۔ 12 اسٹیشنوں والی 13.71 کلومیٹر لمبی میٹرو لائن کا افتتاح کرنے کے بعد وزیر اعظم نے اسکول کے بچوں، بنگلورو میٹروپولیٹن ریلوے کارپوریشن لمیٹڈ (بی ایم آر سی ایل) کے ملازمین اور تعمیراتی کارکنوں کے ساتھ سواری کی۔ یہ تعمیر شہر میں ٹریفک کے ہجوم کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
پی ایم مودی میٹرو میں طلبہ سے بات چیت کرنے کے لیے کھڑے ہوئے۔ اس دوران بچے بھی کافی پرجوش نظر آئے۔ انہوں نے میٹرو کی خواتین ڈرائیوروں سے بھی بات چیت کی اور دورے کے دوران بی ایم آر سی ایل کے ملازمین، تعمیراتی کارکنوں کے ساتھ ملاقات کی۔ میٹرو کے سفر میں وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی اور دیگر ان کے ساتھ موجود رہے۔
وزیر اعظم مودی کرناٹک کے داونگیرے شہر میں بی جے پی مہا سنگم کے جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔ اس کے بعد وزیر اعظم مودی داونگیرے سے شیموگا ہوائی اڈے پر پہنچیں گے اور واپس نئی دہلی جائیں گے۔