چیف قاضی جماعت المسلمین و صدر جامعہ مولانا اقبال ملا ندوی کا مینگلورو میں ہوا انتقال: بھٹکل میں ہی ہوگی تدفین
01:00PM Wed 15 Jul, 2020
بھٹکل: 15 جولائی 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل جماعت المسلمین کے چیف قاضی محترم استاذ العلماء اور جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے صدر مولانا اقبال ملا ندوی صاحب معمولی علالت کے بعد 75 سال کی عمر میں مینگلور میں انتقال کر گئے۔
محترم مولانا اقبال ملا ندوی صاحب کو کچھ دن پہلے طبیعت کی ناسازگی کی وجہ سے پہلے کنداپور لے جایا گیا تھا جس کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے مینگلور کے انڈیانا اسپتال لے جایا گیا۔
مولانا مرحوم 2009 میں قاضی جماعت المسلمین مولانا محمد احمد خطیب رحمۃ اللہ علیہ کے انتقال کے بعد قاضی مقرر کیے گئے تھے جس کے بعد سے وہ آخری سانس تک اس باوقار عہدے پر فائز رہے۔ قاضی کے باوقار عہدے پر ہونے کے ساتھ ساتھ وہ ڈاکٹر علی ملپا مرحوم کے بعد 2017 میں جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے صدر منتخب کیے گئے تھے۔ مولانا مرحوم کو علم فلکیات سے خاص وابستگی ہونے کے ساتھ ساتھ وہ اس علم میں گہرائی بھی رکھتے تھے۔ یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ مولانا مرحوم علم فلکیات کے تعلق سے کمپیوٹر کی باریکی سے اس طرح واقف تھے کہ کم ہی لوگ اس طرح کے پائے جاتے ہیں۔ قاضی مرحوم مولانا اقبال ملا صاحب ندوی نے کئی سال تک بھٹکل کے تبلیغی مرکز شاہذلی میں امامت کے فرائض بھی انجام دیے ہیں اور جامعہ اسلامیہ میں بھی تدریسی خدمات انجام دیں ہیں جہاں آپ نے قائم مقام مہتمم کا بھی فریضہ انجام دیا۔ اس کے علاوہ مولانا محترم اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول میں دینیات کے استاذ بھی تھے پ نے شہرِ بھٹکل کی مستورات کی دینی درس گاہ ’’جامعۃ الصالحات‘‘ میں بحیثیت استاذ ومہتمم کئی سالوں تک درس وتدریس کی خدمات انجام دی۔
آپ کی ابتدائی تعلیم اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول بھٹکل میں ہوئی ، آپ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ’’ادیب کامل‘‘ کا امتحان بھی پاس کیا 1967ء کو جامعہ اسلامیہ کے شعبۂ عالمیت میں اس وقت کے آخری درجہ تک تعلیم مکمل کی اور دار العلوم ندوۃ العلماء سے عالمیت کی سند حاصل کی۔ آپ جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے ان اولین طلبہ میں سے ہیں جو قیام جامعہ کے فوراً بعد جامعہ سے منسلک ہوگئے تھے۔ قاضی مرحوم بھٹکل و اطراف بلکہ پورے ہندوستان میں نماز کے نظام الاوقات کے لیے یاد کیے جائیں گے۔
مولانا مرحوم کی میت بھٹکل ان کے گھر لائی جارہی ہے رات 9:00 بجے تک پہنچنے کی امید ہے اور رات میں ہی جامع مسجد میں نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد قدیم قبرستان میں تدفین کیے جانے کی امید ہے۔
ادارہ بھٹکلیس مولانا مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اللہ رب العزت سے دعا کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے۔ اپنی شان کے بقدر ان کی خدمات کا بدلہ انہیں نصٰب فرمائے اور قوم و ملت کو ان کا نعم البدل نصیب فرمائے۔ آمین
ادارہ بھٹکلیس مولانا مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اللہ رب العزت سے دعا کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ مولانا مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے۔ اپنی شان کے بقدر ان کی خدمات کا بدلہ انہیں نصٰب فرمائے اور قوم و ملت کو ان کا نعم البدل نصیب فرمائے۔ آمین