دشا روی کو جھٹکا ، کورٹ نے تین دنوں کی عدالتی تحویل میں بھیجا
12:29PM Fri 19 Feb, 2021
ٹول کٹ کیس میں دہلی کی پٹیالہ ہاوس کورٹ نے دشا روی کو تین دنوں کی عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے ۔ بتادیں کہ دشا کی پولیس ریمانڈ کی مدت آج ختم ہورہی تھی ۔ کسان آندولن سے وابستہ ماحولیاتی کارکن دشا روی پر ٹول کٹ کو مبینہ طور پر ایڈٹ کرنے کا سنگین الزام لگا ہے ۔ غور طلب ہے کہ دشا کی گرفتاری پر کانگریس سمیت کئی اپوزیشن پارٹیوں نے سرکار پر نشانہ سادھا تھا ۔
دشا روی کو تین زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی احتجاج سے وابستہ ٹول کٹ کو مبینہ طور پر ایڈٹ کرکے اس کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے الزام میں دہلی پولیس کی اسپیشل سیل کی ٹیم نے 13 فروری کو بنگلورو کے سولادیون ہللی علاقہ میں اس کے گھر سے گرفتار کیا تھا ۔ دشا روی بنگلورو کے ایک پرائیویٹ کالج سے بی بی اے کی ڈگری ہولڈر ہیں اور وہ فرائڈیز فار فیوچر انڈیا نام کی تنظم کی فاونڈر ممبر بھی ہیں ۔
اس سے پہلے گریٹا تھنبرگ ٹول کٹ معاملہ میں دشا روی کوپانچ دنوں کی پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا تھا ۔ اس ماہ کی چار تاریخ کو دہلی دہلی پولیس نے ٹول کٹ کو لے کر کیس درج کیا تھا ۔ دہلی پولیس نے عدالت میں دشا کی سات دنوں کی ریمانڈ مانگی تھی ۔
پولیس کا کہنا تھا کہ یہ خالصتانی گروپ کو دوبارہ کھڑا کرنے اور ہندوستان کے خلاف ایک بڑی سازش ہے ۔