Haj 2022 : درخواست فارم بھرنے کی تاریخ میں مزید پندرہ دنوں کی توسیع، عازمین کو بڑی راحت

12:41PM Mon 31 Jan, 2022

ممبئی : مرکزی حج کمیٹی نے حج درخواست فارم بھرنے کی تاریخ میں پندرہ روز کی توسیع کردی ہے۔ 31 جنوری حج درخواست فارم بھرنے کی آخری تاریخ تھی، لیکن عازمین حج کو مزید سہولیات فراہم کرنے کیلئے درخواست فارم بھرنے کی آخری تاریخ میں پندرہ روز کی توسیع کردی گئی ہے ۔ اب عازمین حج 15 فروری تک درخواست فارم بھر سکتے ہیں۔ یعقوب شیخا نے کہا کہ کووڈ 19 کے سبب عازمین حج کو مختلف پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، حالات کے مدنظر اور عازمین حج کو مزید سہولیات پہچانے کیلئے درخواست فارم بھرنے کی تاریخ میں مزید توسیع کی گئی ہے۔ یعقوب شیخا نے کہا کہ مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے چند روز قبل ہی مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور کو ایک مکتوب روانہ کیا گیا تھا ، جس میں تاریخ بڑھانے کی درخواست کی گئی تھی۔ مرکزی حج کمیٹی کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے اقلیتی امور کی مرکزی وزارت نے درخواست فارم بھرنے کیلئے پندرہ روز کی توسیع کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حج درخواست فارم بھرنے کا پورا سسٹم ڈیجیٹل ہوگیا ہے اور ہمیں موبائل ایپ سے بھی بڑی تعداد میں درخواست فارم موصول ہورہے ہیں۔ یعقوب شیخا نے کہاکہ حج 2022 کے متعلق حکومت ہند اور حکومت سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ معاہدہ ابھی تک نہیں ہوپایا ہے ، اس کی وجہ سے ہندوستانی عازمین حج کا کوٹہ بھی ابھی تک طے نہیں ہوا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ حج 2022 کیلئے دونوں ممالک کے درمیان جلد ہی بائی لیٹرل ایگریمنٹ ہوگا ۔