آزادی کے پچہتر سال مکمل ہونے پر  مجلس اصلاح و تنظیم کی طرف سے کل منعقد ہورہی ہے بائک ریلی اور عوامی اجلاس

04:19PM Sun 14 Aug, 2022

بھٹکل 14؍ اگست 2022 ( بھٹکلیس نیوز بیورو) ملک کی آزادی کو 75 سال مکمل ہونے پر  کل 15 اگست کو مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کی جانب سے بائک ریلی اور عوامی پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔ اس بات کی جانکاری آج  مجلس اصلاح و تنظیم کے ذمہ دار جناب عنایت اللہ شابندری نے آج اخباری بیان میں دی گئی ہے ۔ عنایت اللہ شاہ بندری نے اس کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ  اس ملک کو آزاد  کرانے میں ہمارے اسلاف نے اپنی جانوں تک کا نذرانہ پیش کیا ہے لیکن آزادی کے 57 سال مکمل ہونے کی خوشی  پر بھی بھٹکل شہر میں کوئی خاص ہلچل نظر نہیں آرہی  ہے ۔ اسی کو دیکھتے ہوئے  مجلس اصلاح و تنظیم نے کل بعد عصر بائک ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے تمام سماج کے لوگوں اور 16 پنچایتوں کو دعوت دی ہے۔ انہوں نے اس کی تفصیلات بیان کرتےہوئے کہا کہ بائک ریلی کا آغاز ساگر روڈ کے پولیس گراؤنڈ سے ہوگا اور یہاں سے یہ ریلی شمس الدین سرکل ، سلطانی اسٹریٹ ، پھول بازار ، کار اسٹریٹ ، مین روڈ سے ہوتے ہوئے قومی  شاہراہ پر پہنچے گی، اس کے بعد تینگن گنڈی کراس اور امین الدین روڈ سے ہوتے ہوئے تعلقہ اسٹیڈیم نوائط کالونی پہنچے گی جہاں مختصراً پروگرم ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارش ہونے کی صورت میں بھی یہ بائک ریلی منعقد کی جائے گی اور اس میں 18 سال سے اوپر کی عمر کے افراد ہی شریک ہوسکیں گے جبکہ ایک سواری پر تین افراد کو آنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی ۔ مولانا عزیز الرحمن رکن الدین نے بتایا کہ  ملک کی آزادی کے لیے ہمارے اسلاف نے جو قربانیاں دی تھی ان سے نئی نسل کو واقف کرانے کے لیے تنظیم نے کل بروز پیر بعد عشاء پبلک چبوترہ پر ایک پروگرام منعقد کیا ہے جس میں مشہور عالمِ دین مولانا محمد الیاس ندوی اورامام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم ندوی کے خطابات ہوں گے۔ مجلس اصلاح و تنظیم نے ان دونوں پروگراموں میں شرکت کی درخواست کی گئی ہے۔