عوام کو پھر لگا ’مہنگائی کا جھٹکا‘، یکم مارچ سے ’امول دودھ‘ کی قیمت بڑھانے کا اعلان
04:31PM Mon 28 Feb, 2022
بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پریشان عوام کو ایک بار پھر مہنگائی کا زوردار جھٹکا لگا ہے۔ امول کمپنی نے پورے ہندوستان میں دودھ کی قیمت بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے اور نئی قیمتیں یکم مارچ 2022 سے نافذ ہو جائیں گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امول دودھ کی قیمتوں میں دو روپے فی لیٹر کا اضافہ کیے جانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ گجرات کے احمد آباد اور سوراشٹر کے بازاروں میں امول گولڈ کی نئی قیمت 30 روپے فی 500 ملی لیٹر ہوگی، جب کہ امول تازہ 24 روپے فی 500 ملی لیٹر اور امول شکتی 27 روپے فی 500 ملی لیٹر ہوگی۔
گجرات کوآپریٹو ملک مارکیٹنگ فیڈریشن نے ایک سال مکمل ہونے سے قبل ہی دودھ کی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ اس سے قبل جولائی 2021 میں دودھ کی قیمتیں بڑھائی گئی تھیں۔ چونکہ دودھ کا استعمال ہر گھر میں ہوتا ہے، اس لیے دودھ کی بڑھی ہوئی قیمت کا اثر بھی سبھی خاندان پر ہونا لازمی ہے۔ ہندوستان میں پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے عوام پریشان ہیں، اور اب دودھ کی قیمتوں میں اضافہ سے غریب خاندانوں کے بجٹ پر اثر پڑنا بھی لازمی ہے۔