'کورونا وبا اور رجوع الی اللہ کی دعوت'۔اس عنوان کے تحت جماعت اسلامی ہند، کرناٹک کی 15 روزہ مہم

01:16PM Thu 6 Aug, 2020

بھٹکل: 6 اگست،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) "کورونا کی وبا سے اس وقت پوری انسانیت پریشان ہے۔ اس مرض کا مقابلہ کرنے کیلئے حفاظتی اور احتیاطی تدابیر اختیار کیے جارہے ہیں۔ کورونا جیسی بیماریوں پر قابو پانے کیلئے طبی علاج کے ساتھ ساتھ روحانی اور اخلاقی طاقت کا ہونا بھی بہت ضروری ہے۔ اس طرح کی وبائیں، بلائیں اللہ تعالٰی کی جانب سے نازل ہوتی ہیں، لہذا اس مہاماری کے دور میں اللہ کی طرف پلٹتے ہوئے اس سے مدد مانگتے ہوئے پوری ہمت کے ساتھ اس مرض کا مقابلہ کیا جانا چاہئے۔ اسی کی یاد دہانی کرانے اور رب کی یاد دلانے کے لیے جماعت اسلامی ہند نے 5 اگست سے 20 اگست تک 15 روزہ خصوصی مہم چلائی ہے جس کا آغاز کل بینگلور میں ہوچکا ہے"۔ اس کی جانکاری آج ناظم ضلع جماعت اسلامی بھٹکل طلحہ سدی باپا صاحب نے دی وہ یہاں دعوت سینٹر میں اخباری نمائندوں سے مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ  مہم زیادہ تر آن لائن چلائی جارہی ہے جس میں سوشیل میڈیا پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے بندگان خدا کو رجوع الی اللہپر ابھارا جائے گا۔ موصوف نے کہا کہ یہ مہم تین زبانوں اردو، کنڑا اور انگریزی میں چلائی جائے گی جس کے دوران مختلف مذاہب کی شخصیات کے خطابات بھی ہونگے۔ نائب امیر مقامی مجاہد مصطفی صاحب نے کہا کہ اس مہم کا مقصد انسانیت کو اللہ کی طرف لوٹانا ہے جس کے لیے پوسٹر وغیرہ کے ساتھ ساتھ آن لائن پلیٹ فارم کو زیادہ استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک بھر میں 5 اگست  سے  20 اگست تک یہ 15 روزہ خصوصی بیداری مہم چلائی جارہی ہے۔  جس کا عنوان "کورونا کی وبا اور دعوت رجوع الی اللہ" ہے۔ موصوف نے کہا کہ اس مہم کے تحت 9 اگست کو آن لائن سمینار منعقد ہوگا، اس سمینار کے ذریعہ مختلف مذاہب کے رہنماؤں کا پیغام پیش کیا جائے گا۔ 16 اگست کو آن لائن سیمپوزیم منعقد ہوگا جس میں طبی ماہرین اور سماجی شخصیات خطاب کریں گی۔ جلسہ کی نظامت جناب محمد رضا مانوی صاحب نے کی۔