بھٹکل میں دبئی سے لوٹی خاتون کی رپورٹ آئی کورونا پوزیٹیو: ضلع میں کورونا کے کل 130 معاملات۔ آج چھ لوگوں کو کاروار اسپتال سے ملی چھٹی
04:34PM Sat 20 Jun, 2020
بھٹکل: 20 جون، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) محکمہ صحت کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں میں ضلع اتر کینرا میں کورونا کوڈ 19 کے کل چار معاملات سامنے آئے ہیں جن میں دبئی سے بھٹکل لوٹی 36سالہ خاتون بھی شامل ہے۔ جبکہ تین لوگ مہاراشٹرا سے لوٹے ہوئے بتائے گئے ہیں۔
جس بھٹکلی خاتون کی رپورٹ پوزیٹیو موصول ہوئی ہے اس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ خاتون 13جون کو دبئی سے چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے مینگلور ہوتے ہوئے بھٹکل پہنچی تھی اور اس وقت سے ہی سرکاری طور پر بھٹکل کے ایک نجی ہوٹل میں کورنٹائن تھی۔
ان نئے معاملات کے ساتھ ضلع اتر کینرا میں کورونا مریضوں کی کل تعداد 130 کو پہنچ گئی ہے جبکہ آج کاروار کے کیمس سے چھ افراد کو ڈسچارج کیا گیا ہے جو اس مرض سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ آج جن لوگوں کو کیمس سے ڈسچارج کیا گیا ہے ان میں کاروار کی ایک خاتون، ہلیال کا چودہ سالہ لڑکا اور 25 سالہ خاتون، دانڈیلی کے دو نوجوان اور کمٹہ کا ایک 54 سالہ شخص شامل ہے۔