پرانی مارکیٹ کو ہی بحال کرنے وزیر کوٹا سری نواس نے دیا حکم: نئی ہائی ٹیک مارکیٹ کے تعلق سے کہی یہ بات

01:00PM Thu 7 Apr, 2022

بھٹکل: 7 اپریل،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل کی پرانی مارکیٹ کی صفائی کو لے کر کل مچھلی فروشوں کے ہنگامے کے بعد آج ضلع انچارج وزیر کوٹا سری نواس نے اس سلسلے میں  احکامات صادر کردیے ہیں اور چیف افسر کو پرانی مچھلی مارکیٹ کو ہی بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ تعلقہ میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے پہنچے اتر کینرا ضلع انچارج وزیر کی میٹنگ میں آج صبح کونسلر شری کانت نے مچھلی مارکیٹ کو لے کر شکایت کی اور وہاں صفائی نہ ہونے اور مناسب انتظامات نہ ہونے کی بات کہی۔ شری کانت کا کہنا تھا کہ نئی مارکیٹ راستے کنارے بیٹھ کر مچھلی فروش کرنے والی خواتین کے لیے بنائی گئی تھی لیکن میونسپال کے ذمہ داران موجودہ مارکیٹ سے ہی مچھلی فروشوں کو بھگانے میں لگے ہوئے ہیں حلانکہ وہاں اطراف میں پوری مارکیٹ موجود ہے جس کی وجہ سے وہاں لوگوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے ۔ اس پر کوٹا سری نواس نے میونسپال چیف افسر دیانند  دیسائی کو پرانی مارکیٹ میں ہی مچھلی فروشوں کے لیے مناسب انتظامات کرنے کا حکم دیا اور راستوں کے کنارے بیٹھ کر مچھلیاں بیچنے والوں کو نئی ہائی ٹیک مارکیٹ منتقل کرنے کی بات کہی ۔ اس موقع پر ایم ایل اے سنیل نائک نے بھی چیف افسر کو کہا کہ وہ میونسپال صد اور کونسلروں کے دباؤ میں آکر کام نہ کریں بلکہ عوام کے حق میں جو بہتر ہے اس کے لیے کام کریں۔ایم ایل اے نے وزیر کوٹا سری نواس سے بھی درخواست کی کہ وہ ڈپٹی کمشنر سے بات کرکے اس مسئلہ کو حل کریں۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ کروڑوں کی مالیت سے تعمیر کی گئی ہائی ٹیک مارکیٹ کے تعلق سے میونسپال  کے ذمہ داران کیا سوچتے ہیں اور کس طرح سے یہ مسئلہ حل کرتے ہیں۔