بھٹکل ترن مکی قومی شاہراہ پر سرکاری بس اور ٹیمپو کی ٹکر: ٹیمپو پر سوار 20 سے زائد مسافرین زخمی

12:37PM Sat 1 Oct, 2022

بھٹکل: یکم اکتوبر،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) مریشور کے قریب  ترن مکی قومی شاہراہ پر آج صبح  کے ایس آر ٹی سی اولوو بس اور ایک پرائیویٹ ٹیمپو کی ٹکر کے نتیجے میں ٹیمپو پر سوار 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے  ہیں جن میں زیادہ تر اساتذہ ہونے کی بات کہی گئی ہے۔ اطلاع کے مطابق بینگلور سے نکلا کے ایس آر ٹی سی بس آج صبح مرڈیشو ر میں رکنے کے بعد شرالی کی طرف آرہا تھا کہ ترن مکی چرچ کے قریب  اس کے سامنے جارہی ایک پاسینجر ٹیمپو نے اچانک بریک لگا دیے جس کے نتیجے میں بس بے قابو ہوکر ٹیمپو کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی اور یہ حادثہ پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ بس پر سوا ر کسی بھی مسافر کو چوٹ نہیں ‎آئی ہے البتہ بس کے اگلے حصے کو کافی نقصان پہنچا ہے جبکہ ٹیمپو کے ساتھ ٹیمپو پر سوار مسافروں کا بھی نقصان ہوا ہے جن میں سے پانچ مسافروں کو شدید زخمی حالت میں مینگلورو روانہ کیا گیا ہے۔ زخمیوں کی شناخت  وسنتی، چندرو گوڈا، للیتا، وندنا، سوچیترا،  بھاگوتی،  وینا کامتھ،  کوسوما، زُبیدہ،  منجوناتھ، نورالنساء،  لتا، کویتا، بھومیکا،  امبیکا، اشرف النساء،  انیتا اور لکشمی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ اس تعلق سے مرڈیشور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔