بھٹکل میں سابق فوجیوں کی تنظیم کی جانب سے ملک کے لیے قربانی دینے والے 20 جوانوں کو خراج عقیدت
04:52PM Sat 20 Jun, 2020

بھٹکل: 20 جون، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ہندوستان اور چین کے مابین سرحد پر جاری کشیدگی کے نتیجہ میں ہندوستان کے تقریباً بیس فوجی اپنی جان ملک کے لئے قربان کرچکے ہیں۔ جہاں ان جاں بازوں کی ملک بھر میں سراہنا کی جارہی ہے وہیں چینی افواج کی اس در اندازی پر تنقید بھی ہورہی ہے۔
اسی ضمن میں آج بھٹکل تعلقہ کے سابق فوجیوں کی تنظیم نے سرحد پر ملک کے لیے قربان ہونے والے ان 20 فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج سرکیوٹ ہاؤس کے سامنے ایک تقریب منعقد کی تھی جس میں سیاسی لیڈران سمیت مختلف طبقے کے افراد نے شرکت کی۔
رکن اسمبلی سنیل نائک نے اس موقع پر کہا کہ چین کئی دنوں سے ہندوستانی فوجیوں کو اکسا رہا ہے اور ناحق ہندوستانی سرحد میں گھس پیٹ کی کوشش کر رہا ہے جو کہ کسی طرح برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس کا صحیح جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر اپیل کی کہ پندوستانی عوام چینی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔
جے ڈی ایس لیڈر جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے سرحد پر تعینات ہندوستانی فوجیوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اگر ہم آرام سے زندگی گزار رہے ہیں تو اس میں سرحد پر موجود ہمارے ان فوجیوں کا بھی اہم حصہ ہے۔ موصوف نے اس موقع پر چین کی در اندازی کی کڑے الفاظ میں مذمت کی اور ملک کے لیے جان لٹانے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر نامدھاری سماج کے صدر ایم آر نائک، کانگریس کے صدر سنتوش نائک، کرشنا نائک ودیگر حضرات موجود تھے۔



