نتن گڈکری نے کیا وعدہ، اگلے سال تک امریکہ جیسی بنائیں گے ہندوستان کی سڑکیں
01:11PM Sun 12 Feb, 2023
جے پور: دہلی ۔ ممبئی ایکسپریس ہائی وے کے پہلے مرحلہ کے افتتاح کے موقع پر سڑک اور ٹرانسپورٹ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے اتوار کو وعدہ کیا کہ اگلے سال یعنی سال 2024 کے آخر تک ملک کا سڑک بنیادی ڈھانچہ امریکہ کے برابر کرنے کی پوری کوشش رہے گی ۔ نتن گڈکری نے کہا کہ ہم ہندوستان کے ہائی وے کو امریکہ کے برابر کرنے کی کوشش کریں گے ۔
گڈکری نے کہا کہ وزیر اعظم کے خود کفیل ہندوستان کا خواب اور خاص طور پر بین الاقوامی معیار کا بنیادی ڈھانچہ بنانے کا جو ہدف انہوں نے ہمارے سامنے رکھا تھا، اس تناظر میں ہمیں یقین ہے کہ ان کی رہنمائی میں 2024 ختم ہونے سے پہلے ہم ہندوستان کا سڑک بنیادی ڈھانچہ امریکہ کے برابر کرنے کی پوری کرشش کریں گے۔
اس افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سڑک اور ٹرانسپورٹ کے وزیر گڈکری نے کہا کہ یہ ہائی وے پسماندہ علاقوں سے گزر رہا ہے اور یہ وزیر اعظم نریندر مودی کا خواب تھا کہ جو اضلاع سماجی، اقتصادی، تعلیمی لحاظ سے پسماندہ ہیں، ان کی ترقی کو ترجیح ملنی چاہئے ۔
گڈکری نے کہا کہ انہوں نے تقریباً 500 بلاکس کی نشاندہی کی ہے جو سماجی، اقتصادی اور تعلیمی لحاظ سے پسماندہ ہیں، ایسے میں ان علاقوں کیلئے یہ گروتھ انجن بننے والا ہائی وے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے پور اور دہلی کے درمیان ایک کیبل ڈال کر الیکٹرک ٹرک اور الیکٹرک بسیں بھی اس ہائی وے پر چل سکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم 670 روڈ سائیڈ سہولیات بھی بنا رہے ہیں اور جس ریاست سے ہوکر یہ ہائی وے گزرے گا، اس کا ہینڈ لوم ، لینڈی کرافٹ اور وہاں کا کھانا پینا ہوگا ۔