شراب بندی والے گجرات میں شراب کے لیے زوردار ہنگامہ، راجکوٹ میں مقامی لوگوں نے ٹھیکہ میں کی توڑ پھوڑ
12:23PM Mon 7 Nov, 2022

گجرات کے راجکوٹ میں نشیڑیوں کے ذریعہ ہنگامہ آرائی کے بعد مقامی لوگوں نے شراب کے ٹھیکہ پر حملہ کر دیا۔ اتوار کی دیر شب شراب کے ٹھیکے پر یہ حملہ کیا گیا جس سے ایک افرا تفری کا عالم پیدا ہو گیا۔ علاقے کے آس پاس رہنے والے لوگ کافی وقت سے پولیس میں شکایت کر رہے تھے کہ شرابی اور نشیڑی لوگ ہنگامہ کرتے ہیں، لیکن جب پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی تو انھوں نے خود کارروائی کا فیصلہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کی دیر شب کئی لوگ شیامل چوراہے پر جمع ہو گئے اور شراب کے ٹھیکہ پر چھاپہ مارنے کا فیصلہ کیا۔ جب راجکوٹ شہر کے پولیس کنٹرول روم کو اس معاملے کی خبر ملی تو انھوں نے فوراً اجی باندھ تھانہ کی ٹیم سے رابطہ کیا۔ ٹیم موقع پر پہنچی تو دیکھا کہ بھیڑ نے شراب کے ٹھیکہ پر حملہ کر دیا ہے۔
پولیس افسر نے ناراض لوگوں کو خاموش کرنے کی کوشش کی اور شراب اسمگلر کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیا، اس کے بعد بھیڑ وہاں سے واپسی کے لیے رضامند ہوئی۔ ہیڈ کانسٹیبل نکنج مراویا کے ذریعہ شراب اسمگلر جگدیش متھاسوریہ اور دیگر کے خلاف درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ پولیس گشت کے دوران انھیں ملزمین کی سرگرمی پر اندیشہ ہوا اور تلاشی میں 120 روپے قیمت کی 6 لیٹر دیسی شراب ملی۔