ان پیج اردو کے بارے میں

11:18AM Thu 23 Jun, 2016

اُردو اور دیگر دائیں سے بائیں جانب لکھی جانے والی زبان کی نشر و اشاعت میں اہم کردار نبھانے والا دنیا کا سب سے عمدہ سافٹ ویئر پیکیج ’’ان پیج اردو ‘‘ ہے، جو گزشتہ بائیس برسوں سے اردو والوں پر راج کر رہا ہے۔ آج شاید ہی کوئی اردو داں کمپیوٹر استعمال کرنے والا ہوگا جس کے کمپیوٹر میں اِن پیج اردو کا کوئی ورزن نہ ہو۔ خواہ تازہ ترین، یا پرانا ورزن۔ اصلی یا نقلی۔ کوئی بھی ورزن اُس کے کمپیوٹر میں ضرور ہوگا۔ ۱۹۹۴ء میں ’’اِن پیج اردو‘‘ کے آنے سے پہلے بھی کئی سافٹ وئیر اردو والے کی ضرورت پوری کر رہے تھے کیوں کہ ’’ان پیج اردو‘‘ جیسی سہولتیں اُن میں نہیں تھیں اس لئے ’’اِن پیج اردو‘‘ کو اپنی جگہ بنانے میں زیادہ وقت نہیں لگا اور جلد ہی اردو والوںکی مکمل ضرورت پوری کرنے والا اکلوتا سافٹ ویئر پیکیج بن گیا۔ اس کے بعد میں بھی کئی سافٹ ویئر آئے لیکن وہ اپنا بہتر مقام نہیں بنا سکے۔ ’’ان پیج اردو‘‘ ہی وہ واحد سافٹ وئیر اپلی کیشن ہے جس نے اردو کے ساتھ ساتھ دوسری زبانوں میں بھی اشاعت کے کام میں تعاون کیا اور آج بھی ویسے ہی رائج و مقبول ہے۔ اردو کے علاوہ جن زبانوں میں ’’ان پیج اردو‘‘ سے فائدہ اٹھایا جارہا ہے، اُن میں عربی، فارسی، دری، ہزارگی، کردش، پشتو، پنجابی، کشمیری، بلوچی، سندھی اور ہندی وغیرہ زبانیں شامل ہیں۔ ’’ان پیج اردو‘‘ تازہ ترین ورزن 3.61 اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ صرف پاک و ہند ہی نہیں بلکہ ساری اردو دنیا کی ضرورت پوری کر رہا ہے۔ آپ اپنی ضرورت کا کوئی بھی کام آسانی سے کر سکتے ہیں۔ دستاویزات تیار کرکے ای میل یا دوسرے انٹرنیٹ کے ذرائع سے کہیں بھیج سکتے ہیں۔ دوسری جگہ اسی ورزن میں اسی طرح فائل کھلے گی جسے آپ پڑھ سکتے ہیں،پرنٹ کرسکتے ہیں، پی ڈی ایف تیار کرسکتے ہیں۔ اگر آپ خط تیار کررہے ہیں اور اسے ای میل کرنا چاہتے ہیں تو اب اسے اٹیچ کرنے کے بجائے ڈائرکٹ ٹیکسٹ (متن)کو کاپی کرکے ای میل میں پیسٹ کرکے بھیج سکتے ہیں۔ اعداد پرانے ورزن کی طرح لکھنے کے بجائے بالکل ویسے ہی لکھئے جیسے لکھنے کا طریقہ رائج ہے۔ اس میں اب کسی قسم کی تبدیلی کرنے یا کوئی الگ طریقہ استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ (نوٹ: کچھ لوگوں نے یہ بھرم قائم کر رکھا ہے کہ ’’ان پیج اردو‘‘ میں نمبر اُلٹا ٹائپ کرنا پڑتا ہے۔ جب کہ موجودہ ورزن میں ایسا نہیں ہے۔ وہ لوگ ۱۹۹۸ء میں بنے اور جاری ہوئے ’’ان پیج اردو‘‘ کے ورزن 2.40 کی بات کر رہے ہیں جسے وہ آج بھی تازہ ترین ورزن کہہ کے لوگوں کو دے رہے ہیں۔ کیوں کہ یہ ان پیج کا پرانا اور پائیریٹیڈ ورزن ہے اور یہ کئی ناموں سے بازار میں مفت دستیاب ہے۔ اس لئے لوگوں کی معلومات بھی یہیں تک محدود ہوگئی ہے۔ نئی معلومات کے لئے براہِ کرم www.inpage.com وزٹ کریں یاinfo@inpage.com پر رابطہ کریں۔ یہاں موجود پتا اور فون نمبرپر ڈائرکٹ ملاقات کرسکتے ہیں۔ بات کرسکتے ہیں۔ اور ’’ان پیج اردو‘‘ کے بارے میں پوری تسلی کرسکتے ہیں۔) کمپیوٹر ٹکنالوجی کی ترقی کے ساتھ ساتھ ’’ان پیج اردو‘‘ میں بھی ترقی ہوئی ہے۔ ’’ان پیج اردو‘‘ کو جدید ٹکنالوجی سے منسلک رکھا گیا ہے، تاکہ دوسری ترقیاتی زبانوں کی طرح اردو بھی شانہ بشانہ چل سکے۔ یونیکوڈکی بورڈکی سہولت ’’ان پیج اردو‘‘ کا موجودہ ورزن جو مکمل طور سے یونیکوڈ بیسڈ ہے اس لئے اس میں جو کی بورڈ کی سہولت ہے وہ بھی یونیکوڈ بیسڈ ہے۔ یونیکوڈ ہی ایک ایسی سہولت ہے جس کی وجہ سے مختلف زبانوں کو آپس میں ملاکردستایزات کو خوبصورت اور اپنی ضرورت کے مطابق تیار کیا جاسکتا ہے۔ جتنے کی بورڈ کی سہولت پہلے سے ’’ان پیج اردو‘‘ میں موجود تھیں اب بھی وہ ساری موجود ہیں۔ آسانی یہ پیدا کر دی گئی ہے کہ آپ کو جس کی بورڈ میں کام کرنے میں سہولت ہے وہی کی بورڈ اپنے کمپیوٹر پر انسٹال کریں۔ باقی کو نہ کریں کیوں کام کرتے وقت کی بورڈ کو آپس میں سوئچ کرنا ہوتا ہے۔ جس میں کچھ اُلجھن یا پریشانی ہو سکتی ہے۔ یونیکوڈ کی بورڈ انسٹال کرنے کے بعد آپ کسی بھی اپلی کیشن میں اردو یا جو بھی زبان میں آپ کام کرنا چاہتے ہیں اُس زبان میں کام کرسکتے ہیں۔ صرف ’’ان پیج اردو‘‘ کی تخصیص باقی نہیں رہ جاتی۔ خواہ وہ نوٹ پیڈ ہو، ورڈ پیڈ ہو، ایم آفس کے کسی بھی اپلی کیشن میں ٹائپ کر سکتے ہیں۔ یہاں تک کہ کورل ڈرا، فوٹو شاپ، ای میل وغیرہ میں بھی آسانی سے دائیں سے بائیں لکھی جانے والی زبانوں کو ٹائپ کرسکتے ہیں۔ اسپیل چیکنگ کسی بھی دستاویز کے لئے املا و لغت کی صحت تکمیل کی دلیل ہے۔ ’’ان پیج اردو‘‘ میں اسپیل چیکنگ کی سہولت ورزن 2.0 سے موجود ہے۔ جب آپ Ctrl+L کمانڈ دیتے ہیں یاUtilities مینو کے تحت Spelling... کو منتخب کرتے ہیں تو آپ کے سامنے Spell Checker کا ڈائیلاگ باکس آئے گاجس میں Word: Error: Change To: Suggestions: کا آپشن موجود ہے۔غلط یا ڈکشنری میں غیرموجود الفاظ کی نشاندہی کرے گا، متبادل لفظ دکھائے گا اور مشورہ بھی دے گا۔ اس کے علاوہ اسپیلنگ کےآپشنز ہیں جس میں اردو اور انگلش دونوں زبانوں کو چیک اور تصحیح کرنے کی سہولت ہے۔ اسپیلنگ چیک کرنے سے پہلےSpelling Preferences کو چیک کر لیں۔ یہ سہولتEditمینو کے تحت Preferences مینو میں موجود ہے۔ جسے چیک کرنا ہو اُسے چیک ان کر لیں، پھر دستاویز کو چیک کریں۔ یہاں خود اپنی ڈکشنری بنانے کی سہولت بھی موجود ہے۔ جس کی تفصیل آپ ’’ان پیج اردو‘‘ کے مینوول میں دیکھ سکتے ہیں۔ انڈکسنگ یا فہرست سازی کتابوں یا دستاویزات کی فہرست تیار کرنا اشاعت کا ایک اہم حصہ ہے۔ فہرست کی اشاعت سے قاری کو بہت آسانی ہوتی ہے اور وہ فہرست دیکھ کر اپنی فوری ضرورت یا فہرست کے مضامین کو دیکھ کر اپنی ضرورت کے مطابق ترتیب دے کر پڑھ سکتا ہے اور اگر کسی خاص لفظ یا جملہ کے بارے میں تفصیل جاننا چاہتا ہے تو وہ اس کی فہرست یا انڈکسنگ میں دئے گئے صفحہ نمبر کے مطابق آسانی سے اور جلدی ڈھونڈ سکتا ہے۔ ’’اِن پیج اُردو‘‘ میں اس کام کے لئے خصوصیت موجود ہے۔ اِس کام کو کرنے کے لئے دو طریقے موجود ہیں۔ ایک خودکار یعنی آٹومیٹک انڈکسنگ، دوسرا خود عمل یعنی مینولی انڈکسنگ۔ انڈکسنگ کی تفصیل ’’ان پیج اردو‘‘ کے مینول میں موجود ہے۔ حاشیہ یا فوٹ نوٹ کتابوں میں اور بعض دفعہ دیگر دستاویز میں بھی حاشیہ کی اپنی اہمیت ہے۔ دائیں جانب سے لکھی جانے والی زبانوں میں حاشیہ لکھنے کا انداز بھی مختلف ہے۔ عربی کی کتابوں میں یا شروح میں تو دائیں بائیں اوپر نیچے چاروں طرف حاشیہ لکھنے کا رواج ہے۔ مینوولی (خود عمل) تو آپ ابھی بھی ’’ان پیج اردو‘‘ کے کسی بھی ورزن میں چاروں طرف حاشیہ بنا سکتے ہیں، لیکن حاشیہ کی جو اہمیت ہے وہ پوری نہیں مل پا رہی تھی۔ اب ’’ان پیج اردو‘‘ کے موجودہ ورزن میں دائیں طرف یا بائیں طرف حاشیہ بنانے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔حاشیہ یا فوٹ نوٹ کا یہی طریقہ ہے کہ جس ٹیکسٹ کےلئے فوٹ نوٹ دیا جائے تو وہ ٹیکسٹ جہاں ہو وہیں اس کا فوٹ نوٹ بھی چلا جائے۔ خود کار حاشیہ لگانا نہایت آسان ہے۔ جس عبارت کا حاشیہ لگانا ہے وہاں کرسر رکھ کر Insert مینو کے تحت سب سے نیچے Footnote پر کلک کریں، کرسر کی جگہ ایک نمبر لکھا آجائے گا اور نیچے حاشیے کی جگہ بن جائے گی۔ اس جگہ حاشیہ کا متن ٹائپ کریں۔ حاشیہ آپ مینوولی (خودعملی) بھی لگا سکتے ہیں۔ اگر ایسا ہی کرنا چاہتے ہیں تو پھر آپ کو کام کے طریقہ کار پر توجہ دینی ہوگی۔ سب سے پہلے آپ یہ کریں کہ جس کتاب پر آپ کام کر رہے ہیں، اُسے بغیر حاشیے کے کمپوز کرلیں، ساری فارمیٹنگ وغیرہ مکمل کرلیں۔ تمام حاشیے اُن کے حوالوں کے ساتھ ایک الگ فائل میں کمپوز کریں۔ دونوں کی الگ الگ ہی پروف ریڈنگ کروالیں۔ جب آپ کو لگے کہ اب کتاب فائنل مرحلے میں ہے تو وہ حاشیوں کے متعلقہ صفحوں پر ٹیکسٹ باکس بناتے جائیں اور اُن میں باری باری حاشیے پیسٹ کرتے جائیں۔ اس سے یہ ہوگا کہ آپ کا کام کم سے کم متاثر ہوگا۔ بصورتِ دیگر اگر آپ کتاب کمپوز کرنے کے ساتھ ساتھ نیچے حاشیے بھی لگاتے جائیں گے تو بعد میں پروف ریڈنگ کے مرحلے پر اگر زیادہ تبدیلیاں واقع ہوئیں تو آپ کے بیشتر حاشیوں کا محل و وقوع غلط ہوجائے گا اور ان پر دوبارہ سے محنت کرنی پڑے گی۔ کسٹم سائز ڈاکومنٹ جس طرح ایک اسٹینڈرڈ سافٹ ویئر پیکیج میں صفحہ بنانے کے لئے ڈیفالٹ سائز ہوتا ہے اُسی طرح ’’اِن پیج اُردو‘‘ میں بھی دستاویز تیار کرنے کے لئے ڈیفالٹ سائز موجود ہے۔ جیسے A2, A3, A4, B4,B5, Legal, Letter وغیرہ۔ اگر اسٹینڈرڈ سائز سے الگ کوئی سائز متعین کرتے ہیں تو وہ کسٹم سائز کہلاتا ہے۔ ’’اِن پیج اُردو‘‘ میں 45x45انچ لمبائی چوڑائی میں دستاویز تیار کرنے کی سہولت موجود ہے۔ اِس سہولت کی وجہ سے اخبار، پوسٹر، بینر ہوڈنگ وغیرہ آسانی سے تیار کیا جاسکتا ہے۔ ’’اِن پیج اُردو‘‘ میں ہندی کے دستاویز تیار کرنا ’’اِن پیج اُردو‘‘ بہت ہی آسانی کے ساتھ Left to Right لکھی جانے زبانوں میں دستاویز تیار کیا جاسکتا ہے۔ جس طرح انگلش کے دستاویز تیار کئے جاتے ہیںاُسی طرح ہندی کی کتابیں تیار کی جاسکتی ہیں۔ آپ کے کمپیوٹر میں ہندی کے فونٹس موجود ہونا ضروری ہے۔ ہندی دستاویز تیارکرنے کے لئے صفحہ میں ڈائرکشن Left to Right کا استعمال کریں۔یہ چیک New Documentڈائیلاگ باکس میں سب سے نیچے دکھائی دیتا ہے۔ہزاروں پبلشر ہندی اور انگریزی کے کام کے لئے ’’اِن پیج اُردو‘‘کا استعمال کرتے ہیں۔خاص طور سے دینیات کی کتابوں کا کام آسانی سے ان پیچ میں کیا جا سکتا ہے، کیوںکہ ضرورت کے تحت اس میں قرآنی آیات یا عربی متن کو شامل کرنا آسان ہوتا ہے۔ ٹیبل سے ٹیکسٹ اور ٹیکسٹ سے ٹیبل بعض دفعہ ٹائپ شدہ متن کو ٹیبل فورمیٹ میں بدلنا ہوتا ہے یا ٹیبل میں ٹائپ شدہ متن کو رواں متن یا ٹیب موڈ میں تیار کرنے کی ضرورت پیش آجاتی ہے تو اس کے لئے نئے سرے ٹیکسٹ کو ٹائپ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ تھوڑی سی توجہ دے کر اِس کام بہ آسانی اسے تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ اس کام کو کرنے کے سہولت اوّل روز سے ہی ’’اِن پیج اُردو‘‘ میں موجود ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اگر آپ کسی ٹیکسٹ کو ٹیبل فورمیٹ میں تیار کر لیا ہے لیکن اب چاہتے ہیں کہ اُسے ٹیکسٹ کی حالت میں پیراگراف یا ٹیب دے کر تیار کریں تو ایسا کر سکتے ہیں یا اس کے برعکس سادہ ٹیکسٹ کو ٹیبل میں بدلنا چاہتے ہیں تو ایسا بھی کر سکتے ہیں۔ آپ پہلے ٹیکسٹ کو سلیکٹ کریں اُس کے بعد Insert مینو کے تحت Text to Tableپر کلک کریں۔ یہ ٹیبل میں بدل دے گا۔ اگر آپ کو کسی ٹیبل کے ٹیکسٹ کو ٹیب دے کر بدلنا ہے تو اس ٹیبل کو سلیکٹ کریں اور Insert مینو کے تحت Table to Text پر کلک کریں۔ اس میں دو آپشن آئے کہ آپ ٹیکسٹ کو پیراگرام میں بدلنا چاہتے ہیں ٹیب کی شکل میں آپ کو جیسی ضرورت ہو ویسا کر سکتے ہیں۔ اسٹائل شیٹ ’’اِن پیج اُردو‘‘ میں اسٹائل شیٹ بنانے کی سہولت پہلے ورزن سے ہی موجود ہے۔ جس کا فائدہ کمپوزنگ کے ماہرین اٹھا رہےہیں۔اس خصوصیت سےٹائپنگ اور لے آؤٹ میں بہت سہولت ہوتی ہے۔ ایک ماہر کمپیوٹر آپریٹر اپنے ڈاکومنٹ کو اسٹائل شیٹ کے ذریعہ بہت جلدی اور آسانی سے فورمیٹ کر لیتا ہے۔ اس میں فونٹ اسٹائل، فونٹ سائز، ٹیکسٹ الائنمنٹ، پیراگراف کی خصوصیات وغیرہ کو ایک ہی بار میں متعین کرکے استعمال کیا جاتا ہے۔ سرخی، ذیلی سرخی ، نوٹس، خاص متن وغیرہ جیسے اسٹائل شیٹ خود اپنی ضرورت کے مطابق تیار کر سکتے ہیں اُسےاستعمال کر کے دستاویز کو کم وقت میں بہتر اور خوبصورت انداز میں تیار کر سکتے ہیں۔یہ آپشن Format مینو کے تحت Style Sheets... موجود ہے۔ ٹیکسٹ میں کشیدہ کا استعمال اِن پیج اُردو تازہ ترین ورزن میں نستعلیق ٹیکسٹ میں کشش کا استعمال کر کے متن کو زیادہ خوبصورت تیار کر سکتے ہیں۔ اگر اسٹائیل شیٹ کے ذریعہ ہی کیرکٹر فورمیٹ سےکشیدہ کا آپشن منتخب کر لیا جائے یعنی اس میں K-Auto کر دیا جائے تو ٹیکسٹ کو جسٹی فائی کرنے پر خالی جگہ کو پر کرنے کے لئے الفاظ یا لگیچر کوکشش میں تبدیل کردے گا۔آٹو کشیدہ کا مطلب ضرورت کے مطابق خود بخود کشیدہ تیار کر دینا۔ دوسرا آپشن ہے K-Alwase اس آپشن کا استعمال کم ہوتا ہے۔ سارے دستاویز مکمل کشیدہ کے ساتھ کم ہی تیار کئے جاتے ہیں۔ اور ایسا پسند بھی نہیں کیا جاتا۔ سرخی بنانے میں یہ اہم کردار ادا کرتاہے۔ کشش کااستعمال کرکے اخبارات و رسائل، کتاب یا کسی بھی قسم کے دستاویز کو بہتری اور خوبصورتی میں چار چاند لگا سکتے ہیں۔ پی ڈی ایف (فائل)بنانا پی ڈی ایف یعنی ’’پورٹیبل ڈاکومنٹ فائل‘‘ اب ’’اِن پیج اُردو‘‘ میں یہ کام Fileمینو کے تحتSave as PDF... آپشن کا انتخاب کرکے کیا جاسکتا ہے۔ اس کے بنے پی ڈی ایف بذریعہ ای میل یا دوسرے ٹرانسفر ذرائع سے کہیں بھی بھیجے جاسکتے ہیں اور کسی بھی دوسری جگہ بغیر تبدیلی کے پرنٹ کئے جاسکتے ہیں۔ اردو میں کچھ فونٹ ایسے بھی آ گئے ہیں جس کے بنے پی ڈی ایف میں سرچ کرسکتے ہیں۔ یہ پڑھے جانے کے ساتھ ساتھ سرچ بھی کئے جاسکتے ہیں۔ یہ ممکن ہے کہ کچھ عرصہ میں دیگر اردو کے نستعلیق اور نسخ فونٹ میں سرچ کرنے کی سہولت مل جائے۔ اِن پیج اردو موبائیل پر ابھی ان پیج اردو موبائیل پر دستیاب نہیں ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ختم شدہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔