Grand Inauguration of Yawm-e-Anjuman at Anjuman Abad, Bhatkal: Educationists Urge Students to Pursue Higher Education

08:14PM Sat 13 Dec, 2025

بھٹکل: 13 دسمبر 2025 (بھٹکلیس نیوز بیورو)انجمن حامیِ مسلمین بھٹکل کے 106 سال مکمل ہونے کے موقع پر انجمن کے ماتحت چلنے والے تمام اداروں کا مشترکہ سالانہ اجلاس آج انجمن آباد میدان میں منعقد ہوا۔ افتتاحی تقریب میں ریاستی وزراء کے ساتھ ساتھ نامور تعلیمی ماہرین نے شرکت کی۔
اس موقع پر کرناٹک لیجسلیٹو اسمبلی کے اسپیکر جناب یو ٹی قادر نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی ترقی طلبہ کی ہمہ جہت ترقی سے ہی ممکن ہے۔ اگر ملک کا یہ طبقہ تعلیم میں پچھڑ جائے تو ترقی ناممکن ہو جاتی ہے۔


انہوں نے تعلیمی میدان میں انجمن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انجمن گزشتہ 106 برسوں سے مسلسل تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے جو قابلِ تحسین ہے۔ طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بڑے خواب دیکھیں اور بلند حوصلہ رکھیں۔ اپنی مثال پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چالیس سال قبل وہ بھی انہی نشستوں پر بیٹھ کر تقاریر سنا کرتے تھے، لیکن آج وہ اسمبلی کے اسپیکر کے باوقار عہدے پر فائز ہیں، جو محنت، لگن اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
ڈسٹرکٹ انچارج وزیر اور بھٹکل کے ایم ایل اے مسٹر منکال وئیدیا نے بھی انجمن کی تعلیمی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ انجمن کم فیس میں طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے انجمن کو مستقبل میں میڈیکل کالج قائم کرنے کی سمت میں بھی کوشش کرنے کا مشورہ دیا۔

اس کے علاوہ ڈاکٹر اے ایم خان (وائس چانسلر، کرناٹک یونیورسٹی دھارواڑ)، ڈاکٹر عبدالقدیر (چیئرمین، شاہین ایجوکیشن فاؤنڈیشن بیدر) اور جناب محمد میراں منیگار (چیئرمین، گرین ویلی اسکول) نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ صرف کامیابی کے پیچھے نہ بھاگیں بلکہ اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے پر توجہ دیں۔ انہوں نے تعلیمی معیار میں گراوٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل میں انجمن کی خدمات کی بدولت تعلیم کو نمایاں مقام حاصل ہوا ہے۔
صدارتی خطاب میں صدرِ انجمن جناب یونس قاضیا صاحب نے اس اجلاس کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اجتماع کا مقصد طلبہ کو ایک وسیع پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، کیونکہ اسکول اور کالج سطح کے محدود سالانہ اجتماعات اپنی اہمیت کھوتے جا رہے تھے۔ انہوں نے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ اسکل ڈیولپمنٹ پر بھی توجہ دینے کی تلقین کی اور سرپرستوں سے بھی اس سلسلے میں تعاون کی اپیل کی۔
اجلاس کا آغاز صبح تقریباً 9:30 بجے انجمن کے طالب علم علی شاذ آرمار کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد کالج کے طالب علم عبدالسمیع نے نعتِ پاک پیش کی۔ نائب صدرِ انجمن جناب صادق پلور صاحب نے استقبالیہ کلمات ادا کیے، جبکہ جنرل سکریٹری انجمن حامیِ مسلمین جناب اسحاق شابندری صاحب نے تعارفی خطاب کرتے ہوئے اجلاس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔
آخر میں انجمن کے مختلف اداروں میں کے جی سے ڈگری تک کے تعلیمی و غیر تعلیمی میدانوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ ریفل ڈرا کے انعامات کے اعلان کے ساتھ پہلی نشست اختتام پذیر ہوئی، جبکہ دوسری نشست بعد از نمازِ عصر ٹھیک پانچ بجے شروع ہوئی، جس میں طلبہ نے ثقافتی پروگرام پیش کیے۔