ویلفئیر پارٹی کی طرف سے بھٹکل رحمت آباد میں کچروں کی صفائی کا مسئلہ حل کرنے کی مانگ لے کر دیا گیا دھرنا: پنچایت ذمہ داران نے پندرہ دنوں میں  عارضی حل نکالنے کا کیا وعدہ

03:40PM Mon 28 Feb, 2022

بھٹکل: 28 فروری، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ویلفئیر پارٹی آف انڈیا بھٹکل شاخ نے آج جامعہ آبادر روڈ رحمت آباد علاقے اور اس کے اطراف  میں  جمع ہونے والے کچروں کی صفائی کا حل نکالنے کا مطالبہ لے کر  آج ہیبلے پنچایت دفتر کے باہردھرنا دیا اور اس مسئلہ کو حل کرنے کی پرزور مانگ کی۔مظاہرین کی طرف سے اس موقع پر پنچایت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا گیا ۔ اس موقع پر ویلفئیر پارٹی کے ضلعی جنرل سکریٹری جناب آصف شیخ نے کہا کہ کئی سالوں سے یہ مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے۔  حلانکہ اس سلسلے میں کئی بار پنچایت کی توجہ  اس جانب مبذول کرائی گئی ہے لیکن نتیجہ لاحاصل رہا ہے انہوں نے کہا کہ یہاں صفائی نہ ہونے سے ایک طرف راہگیروں اور وہاں سے گذرنے والوں کوبدبو کا سامنا ہوتا ہے تو دوسری طرف اطراف میں رہنے والوں میں بیماریاں بھی پھیلنے کا خطرہ رہتا ہے ۔انہوں نے پنچایت ذمہ داران سے  اپیل  کی کہ وہ اس کا مستقل حل نکالنے کی یقین دہانی کرائیں۔ اس موقع پر پنچایت کے ذمہ داران نے معاملہ کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے جلد از جلد اس مسئلہ کو حل کرنے کی یقین دہانی کی تاہم مظاہرین نے تحریری طور پر دنوں کا تعین کرکے دینے کی بات کہی لیکن پنچایت کے ذمہ داران نے تحریری طور پر دنوں کا تعین کرنے سے انکار کردیا  جس کے بعد مظاہرین نے پنچایت کے خلاف نعرے بازی شروع کی ۔ پی ڈی او جینتی نائک نے مظاہرین کا اصرار دیکھتے ہوئے  اس بات کا یقین دلایا کہ کچروں کی نکاسی کے لئے عارضی طور پر  پندرہ دنوں کے اندر اندر  تین جگہوں  پر کچروں کو پھینکنے کے لیے یارڈ یا ٹینک  بنا کر دیں گےجہاں  جامعہ آباد روڈ (نزد کڑی  مشین)، منٰی روڈ اور حنیف آباد کے مکین  اپنے علاقے میں رکھے یارڈ میں اپنا کچرہ  پھینک سکیں گے جہاں سے ہفتے میں ایک یا دو بار کچرہ صاف کیا جائے گا۔ ویلفئیر پارٹی کی طرف سے پندرہ دنوں کے اندر عارضی حل نہ دینے پر دوبارہ دھرنا دینے کی  بات کہی گئی ہے۔ اس موقع پر ویلفئیر پارٹی کی طرف سے آصف شیخ، ڈاکٹر نسیم خان، شوکت خطیب، عبدالجبار اسدی اور دیگر عوام موجود رہے۔ [embedyt] https://www.youtube.com/watch?v=gRw9pBI0Nho[/embedyt]