نندی گرام سے میرا تعلق، اسے کوئی ختم نہیں کر سکتا: ممتا بنرجی

03:44PM Tue 30 Mar, 2021

سونا چورا (نندی گرام): مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سپریمو ممتا بنرجی نے منگل کے روز کہا کہ نندی گرام سے ان کا تعلق ہے اور جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ میں باہری ہوں ان کو معلوم ہونا چاہیے کہ میں یہاں کی وزیر اعلیٰ ہوں اور نندی گرام کے عوام میرے دل میں بستے ہیں۔
انتخابی مہم کے آخری دن جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بنرجی نے کہا کہ اگر میں نندی گرام میں داخل ہوتی ہوں، تو مجھے یہاں سے کوئی نکال نہیں سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ’’میں بھی کسی دوسری سیٹ سے انتخاب لڑ سکتی تھی لیکن میں نے یہاں کی ماؤں اور بہنوں کی تعظیم کے لئے نندیگرام کا انتخاب کیا ہے۔ میں نے نندیگرام تحریک کو سلام پیش کرنے کے لئے سنگور کی بجائے نندیگرام کا انتخاب کیا ہے۔‘‘
ممتابنرجی نے کہا "بھارتیہ جنتا پارٹی کو سیاسی طور پر دفن کر دیں اور انہیں نندیگرام سے دور کر دیں۔ یہ ہارٹی لوگوں کی زمین چھیننے والی پارٹی ہے۔ بی جے پی کی زیر اقتدار ریاستوں کی پولیس فورسیز نندی گرام کے شہریوں کو خوف زدہ کر رہی ہیں۔ پولیس بی جے پی کے لئے کام کر رہی ہے۔‘‘
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات میں مرکزی دستوں کے ساتھ ساتھ مدھیہ پردیش پولیس کو بھی تعینات کیا ہے۔ یہاں سے بی جے پی کے امیدوار سویندو ادھیکاری ممتا بنرجی کے خلاف مقابلہ کر رہے ہیں۔ نندی گرام میں ایک میٹنگ کے دوران بھی ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ انتخابات کے لئے تعینات مدھیہ پردیش پولیس نندیگرام اسمبلی حلقہ میں رائے دہندگان میں خوف و ہراس پھیلا رہی ہے۔