کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر بھٹکل میں اس سال کا تیر ہبا محدود پیمانے پر منایا جائے گا
12:04PM Mon 19 Apr, 2021
بھٹکل: 19 اپریل، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں ایک تاریخی حیثیت رکھنے والا بھٹکل کا مشہور رتھ اتسو (تیر ہبا) امسال کورونا کی دوسری لہر کے چلتے محدود پیمانے پر منایا جائے گا جس میں صرف مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی اور رتھ کو بازار میں نہیں گھومایا جائے گا۔
اس سلسلہ میں بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی کی صدارت میں مندر انتظامیہ کے ساتھ اہم نشست منعقد ہوئی جس میں بتایا گیا کہ کوویڈ پروٹوکول کے تحت ان حالات میں جاترا اور رتھ اتسوا وغیرہ منانے کے لئے کوئی گنجائش نہیں ہےجس کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
خیا ل رہے کہ ہر سال اپریل میں شہر کے چن پٹن ہنومان مندر سے رتھ نکالا جاتا ہے اور پورے بازار میں اس کو گھوماتے ہوئے مندر لے جایا جاتا ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں بھکت شامل ہوتے ہیں۔ گزشتہ سال کورونا کی وبا سے لاک ڈاؤن کی صورتحال رہنے سے اپریل میں نہیں ہوپایا تھا جس کی وجہ سے اسے اس سال مارچ کے مہینے میں کیا گیا تھا۔ امسال بھی 20 اور 21 اپریل کو مندر انتظامیہ کی طرف سے رتھ اتسوا منانے کا اعلان ہوا تھا۔ مگر تعلقہ انتظامیہ نےامسال بھی رتھ اتسوا کو محدود پیمانے پر منانے کے لئے آمادہ کرلیا ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ مندر انتظامیہ اس تقریب کو کس طرح سے انجام دیتی ہے۔