پاکستان کی حمایت میں مسیج لائک اور شیئر کرنا پڑا مہنگا: داونگیرے میں پولیس کانسٹیبل ہوا معطل
03:44PM Tue 25 Aug, 2020
بنگلورو: سوشل میڈیا میں پاکستان کی حمایت والے ایک مسیج کو لائک اور شیئر کرنے کے الزام میں پولیس کانسٹیبل ثناءاللہ کو معطل کیا گیا ہے۔ کرناٹک کے داونگیرے ضلع میں یہ واقعہ پیش آیا ہے۔ داونگیرے ضلع ریزرو پولیس فورس کے کانسٹیبل ثناء اللہ پر الزام ہے کہ انہوں نے فیس بک میں پاکستان کی حمایت میں آئے ایک مسیج کو لائک کیا اور پھر اسے شیئر کیا ہے۔ اتنا ہی نہیں اس متنازعہ مسیج کے کچھ حصے کو واٹس ایپ گروپ میں بھی شیئر کرنے کا ثناءاللہ پر الزام ہے۔ کہا جارہا ہے کہ پولیس کانسٹیبل ثناءاللہ نے پاور آف پاکستان کے عنوان کے تحت فیس بک میں موجود متنازعہ پیام کو سوشل میڈیا میں لائک اور شیئر کیا ہے۔ ثناءاللہ کی اس حرکت کے بعد داونگیرے ضلع کے ایس پی ہنومنت رائے نے فوری طور پر کارروائی کی ہے۔
کانسٹیبل ثناءاللہ کو ڈیوٹی سے معطل کرتے ہوئے ڈی وائی ایس پی کے ذریعہ جانچ کا حکم دیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ اس سے قبل بھی پولیس کانسٹیبل ثناءاللہ نے اس طرح کی حرکت کی تھی۔ دوسری جانب جیسے ہی یہ خبر عام ہوئی، مقامی ہندو تنظیموں نے احتجاج کرتے ہوئے ثناءاللہ کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ہندو جاگرن ویدیکے کے کارکنوں نے داونگیرے شہر کے جئے دیو سرکل میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ویدیکے کے ارکان نے کہا کہ پولیس محکمہ میں اسطرح کے شخص کا ہونا انتہائی خطرناک بات ہے۔ اس سے پہلے بھی ثناءاللہ نے دشمن ملک کی تائید میں مسیج شیئر کیا ہے۔ ہندو جاگرن ویدیکے کے ارکان نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کیا ثناء اللہ کے پاکستان سے تعلقات ہیں، اس کی بھی جانچ ہونی چاہئے۔ ہندو جاگرن ویدیکے نے مطالبہ کیا کہ ثناءاللہ کو فوری طور پر محکمہ پولیس سے برخاست کیا جائے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہنومنت رائے نے کہا کہ اس سے قبل بھی ثناء اللہ نے اسطرح کی حرکت کی تھی، اس بات کا پتہ چلا ہے۔ ثناءاللہ کے خلاف محکمہ جاتی جانچ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تفصیلی طور پر جانچ کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔