وینزویلا کے صدر اوگو چاویس انتقال کرگئے
03:07AM Thu 7 Mar, 2013
لاطینی امریکہ کے ملک وینزویلا پر چودہ برس تک حکومت کرنے والے صدر اوگو چاویس انتقال کر گئے ہیں۔
ان کی عمر اٹھاون برس تھی۔ وہ ایک برس سے زائد عرصے سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھے اور کیوبا میں ان کے متعدد آپریشن بھی ہوئے تھے۔
ملک کے نائب صدر نکولس مدورو نے سرکاری ٹی وی پر ان کے انتقال کا اعلان کرتے ہوئے سات روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
آبدیدہ نائب صدر نکولس مدورو نے صدر چاویس کے انتقال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صدر تقریباً دو سال تک شدید بیماری سے جنگ کرتے ہوئے انتقال کر گئے ہیں۔
نکولس مدورو کے مطابق اوگو چاویس کی تدفین جمعہ کو کی جائے گی۔
صدر چاویس کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی عوام کی بڑی تعداد دارالحکومت کارکاس میں واقع ہسپتال کے باہر جمع ہوگئی اور انہوں نے ’ہم سب چاویس ہیں‘ کے نعرے لگائے۔
اوگو چاویس وینزویلا اور دنیا بھر میں ایک متنازع شخصیت اور امریکہ کے بڑے ناقد کے طور پر پہچانے جاتے تھے۔
ملک کے وزیرِ خارجہ الیاس جاوا نے کہا ہے کہ اوگو چاویس کے بعد اب ملک کے نائب صدر نکولس مدورو نئے صدارتی انتخاب تک عہدۂ صدارت سنبھالیں گے۔
نائب صدر نکولس مدورو کو صدر چاویس کا چنا ہوا جانشین سمجھا جاتا ہے۔
ابھی تک واضح نہیں ہے کہ ملک میں صدارتی انتخابات کب ہونگے۔ وینزویلا میں حزبِ مخالف کے رہنما ہنریق کیپریلس نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ’آئین کے عین مطابق اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برا ہو۔‘
چاویس اکتوبر 2012 میں چوتھی مدت کے لیے وینزویلا کے صدر منتخب ہوئے تھے لیکن خرابئ صحت کی وجہ سے وہ اس عہدے کا حلف نہیں اٹھا سکے تھے۔
اوگو چاویس پچھلے ایک ماہ سے منظرِ عام پر نظر نہیں آئے تھے۔ وہ گزشتہ ماہ کیوبا میں کینسر کے علاج کے بعد ملک واپس پہنچے تھے لیکن ان کی طبیعت سنبھل نہ سکی۔
صدر چاویس کے کینسر کی تشخیص جون سنہ دو ہزار گیارہ میں ایک سرجری کے دوران ہوئی تھی اور اٹھارہ ماہ میں ان کے چار آپریشن ہوئے تھے۔
منگل کو صدر چاویس کی سانس کی بیماری زیادہ شدت اختیار کر گئی تھی اور وہ سانس کے ایک نئے شدید انفیکشن میں مبتلا ہو گئے تھے۔
BBC URDU