ریاستی حکومت نے شروع کی نفرت پھیلانے والوں پر نکیل کسنے کی تیاری: مینگلورو میں اینٹی کمیونل وِنگ نے شروع کیا کام
04:11PM Thu 15 Jun, 2023

دکشن کینرا ضلع میں فرقہ وارانہ طور پر حساس سمجھے جانے والے ساحلی شہر منگلورو میں مورل پولیسنگ کے معاملوں پر نکیل کسنے کے لیے کرناٹک کی کانگریس حکومت کے ذریعہ تشکیل اینٹی کمیونل وِنگ (اے سی ڈبلیو) نے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ منگلورو کے پولیس کمشنر کلدیپ کمار جین نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے وزیر داخلہ کی ہدایت پر دو دن قبل اے سی ڈبلیو تشکیل دی گئی ہے۔
کلدیپ کمار جین کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے حال ہی میں منگلورو کے اپنے دورہ کے وقت اے سی ڈبلیو قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اب اس کا قیام عمل میں آ چکا ہے۔ ٹیم کی قیادت سٹی اسپیشل برانچ انسپکٹر شریف کر رہے ہیں۔ ٹیم کی نگرانی اسسٹنٹ پولیس کمشنر پی اے ہیگڑے کریں گے۔ اے سی پی ہیگڑے ڈائریکٹ پولیس کمشنر کو رپورٹ کریں گے۔ منگلورو پولیس کمشنر نے یہ بھی کہا کہ اے سی ڈبلیو سبھی فرقہ وارانہ معاملوں میں ملزم اشخاص کی نگرانی کرے گا۔ ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے گی۔ یہ یقینی بنایا جائے گا کہ معاملے کے متاثرین کو پریشانی نہ ہو۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ ٹیم گزشتہ 10 سالوں میں سامنے آئے 200 معاملوں کی نگرانی کرے گی۔ منگلورو پولیس کمشنر کا کہنا ہے کہ ٹیم کسی بھی ایسے معاملے پر نظر رکھے گی جو فرقہ وارانہ تشدد، نفرت پھیلانے والی تقریر، مورل پولسنگ، سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے اور گائے چوری کو فروغ دیتے ہیں۔ اس سلسلے میں کوئی بھی معاملہ پہلے اس علاقہ کے پولیس اسٹیشن میں درج کیا جائے گا اور پھر اے سی ڈبلیو کو منتقل کر دیا جائے گا۔ بعد ازاں وِنگ کے ذریعہ کارروائی شروع کی جائے گی۔