لاک ڈاؤن سے ایک دن پہلے آج بھٹکل سمیت ریاست بھر میں خرید و فروخت کے لیے مچی ہلچل

12:28PM Tue 27 Apr, 2021

بھٹکل: 27 اپریل، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ماہرین کے مشوروں سے ریاستی حکومت نے آج رات نو بجے سے 14 دنوں کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ اس کے پیش نظر آج ریاست بھر میں لوگوں میں ہلچل مچی ہوئی ہے اور ہر آدمی ضرورت کی چیزیں گھروں میں لانے میں مصروف نظر آرہا ہے وہیں دوسری طرف دوسری ریاستوں سے آئے افراد کسی نہ کسی طرح اپنے گھروں کو پہنچنے کے لیے بے تاب ہیں۔ بھٹکل میں بھی آج مین روڈ پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد خرید و فروخت میں مصروف نظر آئی۔ وہیں دوسری طرف کپڑوں کے کاروباری لاک ڈاؤن پڑنے سے کافی پریشان نظر آئے اور اپنے سامانوں کو گھروں میں منتقل کرتے ہوئے دکھائی دیے۔ واضح رہے کہ بھٹکل میں آج 15 واں روزہ ہے اور اس حساب سے معمول کے دنوں کی بات کی جائے تو یہاں بازار میں اس وقت کافی چہل پہل رہتی تھی اور دکانیں گاہکوں سے بھری رہتی تھیں۔ ایسے میں گزشتہ سال بھی لاک ڈاؤن کی نذر ہوگیا اور اس سال بھی آخری وقت میں لاک ڈاؤن کا اعلان ہونے سے دکانداروں کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ سال گزشتہ لاک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے ان کی دکانیں بند تھیں اور اس سال کئی وزراء کی طرف سے لاک ڈاؤن نہ ہونے کی یقین دہانی کی وجہ سے انہوں نے لاکھوں کا مال لاکر بھر دیا تھا۔ اب جبکہ عین موقع پر عید تک لاک ڈاؤن لگا ہوا ہے تو ایسے میں انہیں اپنا نقصان ہوتا ہوا صاف دکھائی دے رہا ہے جس سے وہ کافی پریشان ہیں۔ اس وجہ سے بعض افراد اپنے مالوں کو گھروں میں منتقل کر رہے ہیں تاکہ وہاں سے حتی الامکان بیوپار کیا جاسکے اور کم سے کم نقصان سے بچا جا سکے۔ اطلاع کے مطابق آج بھی بھٹکل میں بعض دکانیں کھولی گئی تھیں جسے میونسپال چیف افسر نے بند کروادیا۔