بھٹکل میں مچھلی مارکیٹ کی منتقلی اور شرابی ندی کی صاف صفائی  کا مطالبہ لے کر تنظیم کے وفد نے کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات

07:04AM Mon 9 Jan, 2023

بھٹکل: 9 جنوری،2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل کی شرابی ندی میں ڈرینیج کا پانی داخل ہونے اور ندی کی صفائی نہ ہونے کے وجہ سے آس پاس کا علاقہ متعفن ہوگیا ہے،  اس کے علاوہ بھٹکل میں پرانی مچھلی مارکیٹ کو نئی ہائی ٹیک  مچھلی مارکیٹ کی منتقلی کا کام بھی ابھی تک اٹکا ہوا ہے۔ ان دونوں اہم مسئلوں  کو حل کرنے کا مطالبہ لے  کرمجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر پربھو لنگا سے ملاقات کی اور ان کو حل کرنے کی مانگ کی۔  اس وفد کی قیادت صدر مجلس اصلاح و تنظیم جناب عنایت اللہ شابندری کر رہے تھے، جبکہ وفد میں جنرل سکریٹری مجلس اصلاح و تنظیم جناب عبدالرقیب ایم جے، میونسپال صدر جناب پرویز قاسمجی، میونسپال کونسلر محی الدین الطاف کھروری،کینرا مسلم خلیج کونسل کے صدر جناب محمد یونس قاضیا، جنرل سکریٹری امین سیف اللہ ودیگر ذمہ داران موجود تھے۔ اس موقع پر وفد نے ڈپٹی کمشنر کو شرابی ندی کی صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں بھٹکل میں بارش کی وجہ سے پانی بھر جانے کے بعد قریبی علاقوں سے مٹی بھی پانی کے ساتھ بہہ کر ندی میں جمع ہوگئی تھی جس کو ابھی تک نہیں نکالا گیا ہے  اور ندی کے اطراف میں باڑھ  بھی نہیں لگائی ہے جس کی وجہ سے وہاں کے عوام کو پریشانی ہورہی ہے۔  اس موقع پر وفد نےشرابی ندی کے چک ڈیم پر ریلنگ کا کام کرانے کی بھی مانگ کی ۔ جنرل سکریٹری تنظیم عبدالرقیب ایم جے نے بھی ڈی سی کو  بتایا کہ ندی پر باڑھ باندھنے  کے تعلق سے ایم ایل اے سنیل نائک کو  بھی میمورنڈ دیا جا چکا ہے اور ان سے ملاقات بھی کی گئی ہے  لیکن ان کی طرف سے اس جانب  اب تک کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ڈرینیج سسٹم کے ناقص کام کے تعلق سے بھی بتایا اور اس کو حل کرنے کی مانگ کی۔اس موقع پر میونسپال کے صدر پرویزقاسمجی نے پرانی مچھلی مارکٹ کونئی مارکٹ میں شفٹ کرنے کے تعلق سے پیش آنے والی دشواریوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اسے جلد شفٹ کرنا ضروری قرار دیا۔ ڈی سی کو پیش کئے گئے میمورنڈم میں اخبارات میں شائع خبروں کا حوالہ دے کر  کہاگیا ہے کہ بھٹکل تعلقہ کے چوتھنی علاقے میں بہنے والی ندی  پر محکمہ چھوٹی آب پاشی  کی جانب سے کروڑوں روپئے کی لاگت سے پیچنگ کا کام جاری ہےاورمخصوص علاقہ پر ہی پیچنگ کا کام ہورہا ہے۔ اگر ایسا ہوا تو بھٹکل شہر کےلئے کافی نقصان دہ ہوگا۔ کیونکہ صرف ایک طرف پیچنگ کی جاتی ہے تو بارش کے موسم میں پانی بھر گیا تو دوسری طرف گھس آنے کا خدشہ ہے۔ جس کے نتیجےمیں میونسپالٹی حدود کے غوثیہ اسٹریٹ اور شاذلی اسٹریٹ  کے آس پاس کا علاقہ زیر آب آجائے گا اور اس سے جائیداد وغیرہ کوشدید نقصان پہنچے گا۔ اس موقع پر وفد نے ان مسائل کو جلد حل کرنے کی مانگ کی ۔