ٹیبلٹس کی جنگ: آئی پیڈ کی برتری میں کمی
05:10AM Sat 2 Feb, 2013

ٹیبلٹس کی جنگ: آئی پیڈ کی برتری میں کمی
سیم سنگ نے 2012 کے آخری تین مہینوں میں ٹیبلٹ پی سی کی مارکیٹ میں اپنے شیئر کو دوگنا کر لیا ہے۔ یہ بات تحقیقی ادارے آئی ڈی سی نے کہی ہے۔
سیم سنگ گیلیکسی ٹیبلٹس بناتی ہے، اور اس نے 79 لاکھ ٹیبلٹس فروخت کی ہیں جب گذشتہ برس اسی دوران اس نے 22 لاکھ ٹیبلٹس بیچی تھیں۔ اب اس کا مارکیٹ شیئر 15.1 فی صد ہو گیا ہے۔
ٹیبلٹس کی مارکیٹ پر اب بھی ایپل کمپنی چھائی ہوئی ہے، تاہم اس کا شیئر 57.7 فی صد سے کم ہو کر 43.6 فی صد رہ گیا ہے۔
دونوں کمپنیوں میں ٹیبلٹ مارکیٹ میں سخت رسہ کشی جاری ہے۔
2012 کی آخری سہ ماہی میں دنیا بھر میں ٹیبلٹس کی فروخت میں 75 فی صد اضافہ ہوا اور اس دوران سوا پانچ کروڑ ٹیبلٹس فروخت ہوئیں۔
آئی ڈی سی کے ریسرچ ڈائریکٹر ٹام مینیلی کہتے ہیں، ’ہمیں توقع تھی کہ چوتھی سہ ماہی میں مارکیٹ خاصی توانا رہے گی اور اس نے مایوس نہیں کیا۔
’اس شعبے کی بڑی کمپنیوں نے نئی پراڈکٹس متعارف کروائی ہیں، جب کہ مائیکروسافٹ جیسی نئی کمپنی بھی میدان میں آئی ہے، جس سے صارفین کی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے۔‘
اس کے مقابلے پر پانچ برسوں میں پہلی بار روایتی کمپیوٹروں کی فروخت میں تیزی سے کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
[caption id="attachment_24494" align="aligncenter" width="304"]
سیم سنگ گیلیکسی (دائیں) نے ایپل آئی پیڈ (بائیں) کی برتری کو چیلنج کیا ہے[/caption]
