آئی اے ایس افسر شاہ فیصل کی ایڈمنسٹریٹیو سروس میں واپسی، مرکزی حکومت نے دی یہ نئی ذمہ داری

03:25PM Sat 13 Aug, 2022

نئی دہلی : تنازعات کی وجہ سے سرخیوں میں رہنے والے آئی اے ایس افسر شاہ فیصل کو مرکزی حکومت نے بحال کرکے وزارت سیاحت میں ڈپٹی سکریٹری مقرر کیا ہے۔ محکمہ پرسنل اینڈ ٹریننگ نے دو دن پہلے جاری اپنے حکم نامے میں شاہ فیصل کو مرکزی وزارت سیاحت میں تعینات کیا تھا۔ ڈی او پی ٹی کے ایک سینئر اہلکار نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو یہ اطلاع دی۔ اس سے پہلے مرکزی حکومت نے شاہ فیصل کی سروس سے استعفیٰ واپس لینے کی درخواست قبول کر لی تھی اور اپریل میں انہیں بحال کر دیا تھا۔ اب حکومت نے انہیں یہ نئی ذمہ داری سونپی ہے۔ شاہ فیصل 2010 بیچ کے آئی اے ایس ٹاپر ہیں۔ جنوری 2019 میں استعفیٰ دے کر وہ سیاست میں شامل ہوگئے تھے، لیکن اگست 2020 میں انہوں نے سیاست کو الوداع کہہ دیا تھا ۔ شاہ فیصل نے استعفیٰ دینے کے بعد جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ پارٹی بنائی۔ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے فوراً بعد انہیں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لے لیا گیا تھا۔ حالانکہ اپنی رہائی کے بعد انہوں نے سیاست چھوڑ کر دوبارہ سرکاری ملازمت میں آنے کی خواہش کا اظہار کیا اور اپنا تجربہ بھی شیئر کیا تھا ۔ اپریل کے مہینے میں شاہ فیصل نے ٹویٹ کرکے کہا تھا کہ میری زندگی کے آٹھ مہینے (جنوری 2019 سے اگست 2019) میں اتنا بیگیج بنایا کہ میں تقریباً ختم ہوگیا تھا۔ ایک خیال کا پیچھا کرتے ہوئے میں نے وہ سب کچھ کھودیا جو میں نے سالوں میں کمایا تھا ۔ جیسے کام، دوست، عزت ، عوامی خیر سگالی وغیرہ ۔ لیکن میں نے کبھی امید نہیں کھوئی ۔ میری آئیڈیلزم نے مجھے مایوس کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خود پر یقین تھا کہ میں اپنی غلطیوں کو ختم کروں گا۔ زندگی مجھے ایک اور موقع دے گی۔ میرا ایک حصہ ان 8 مہینوں کی یاد سے تھک گیا ہے اور اس وراثت کو مٹانا چاہتا ہے۔ اس کا بہت کچھ جا چکا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وقت باقی کو مٹا دے گا ۔