نیو شمس اسکول میں  منعقد ہوا سالانہ اجلاس: لڑکوں میں عبداللہ رکن الدین تو لڑکیوں میں مسیرہ ہلارے کو ملا نجم اخوان کا ایوارڈ

12:26PM Tue 10 Jan, 2023

بھٹکل : 10 جنوری، 2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ادارہ تربیت اخوان کے تحت چلنے والے نیو شمس اسکول کا سالانہ اجلاس 9 اور 10 جنوری کو سید علی کیمپس میں منعقد ہوا جس میں پہلے روز لڑکوں کا اجلاس منعقد ہوا جبکہ دوسرے روز لڑکیوں کے لیے سالانہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔ اس اجلاس میں  لڑکوں کے شعبے میں اسکول کے بہترین طالب علم کو دیا جانے والا’ نجم اخوان‘ کا ایوارڈ د سویں جماعت کے عبداللہ  ابن ارشاد رکن الدین کو دیا گیا جبکہ لڑکیوں میں دسویں کی طالبہ مسیرہ بنت مقیم ہلارے اس ایوارڈ کی حق دار بنی ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل  جناب عتیق الرحمٰن منیری نے اسکول کی سرگر میوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اسکول  سالانہ رپورٹ میں جن سرگرمیوں کو دکھایا گیا ہے اس سے انہیں یہ خواہش ہوئی  کہ وہ خود ہی یہاں کے طالب علم ہوجائیں۔ انہوں نے اس موقع پر قائد قوم سید خلیل الرحمٰن اور جناب عبدالقادر باشہ رکن الدین صاحب کو بھی یاد کیا اور ادارے کے لیے ان کی قربانیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے اس موقع پر طلبہ کو دین اسلام کو تھامے رہنے اور حلال رزق کے حصول کے لیے کوشش کرنے کی بھی نصیحت کی  اور خوب محنت کرنے کی صلاح دی۔ اس کے علاوہ اس موقع پر  اسکول بورڈ کے چیرمین انجنئیر حافظ نذیر احمد قاضی نے بھی طلبہ کو محنت سے پڑھائی کرنے اور کبھی ہمت نہ ہارنے کی تاکید کی جبکہ  اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ادارے کے صدر جناب  محمد اسماعیل محتشم نے  بھی طلبہ کو مفید نصائح سے نواز ۔ اس موقع پر اسکول کے سونیر ’اسپکٹرم‘ کا اجراء بھی عمل میں آیااور مختلف شعبوں میں ممتاز طلبہ کے مابین انعامات تقسیم کیے گئے ۔ اجلاس کا آغاز حیان ایس ایم کی تلاوت سے ہوا جس کا انگریزی ترجمہ سید احمد نے پیش کیا  جس کے بعد عکرمہ رکن الدین نے نعت پاک سنائی۔ اسکول ترانے  اور استقبال کے بعد کے بعد ویڈیو کی صورت میں سالانہ رپورٹ پیش کی گئی۔ اسکول سکریٹری انعم اعلیٰ کے شکریہ کلمات پر یہ پہلی نشست اختتام کو پہنچی ۔ اس موقع پر الکوثر گرلس کالج انتظامیہ کے صدر ایس ایم سید شکیل ، جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے امیر مقامی مولانا ایس ایم سیدزبیر، اسلامک ویلفئیر سوسائٹی کے چیرمن قادر میراں پٹیل ، ادارے کے سابق صدر اقبال ائیکری ،  جناب  صلاح الدین ایس کے ،  مولانا عزیزالرحمن رکن الدین ندوی ، ڈاکٹر اویس خواجہ رکن الدین وغیرہ ڈائس پر موجود تھے۔ پہلی نشست کے بعد دوپہر میں  پہلی سے چوتھی جماعت تک کے طلبہ کا ثقافتی پرگرام ہوا جبکہ رات میں عشاء بعد پانچویں سے دسویں تک کے طلبہ کا ثقافتی پروگرام پیش ہوا۔