قائد قوم ڈاکٹر سید خلیل الرحمٰن صاحب کی خدمات کے اعتراف میں دبئی میں منعقد ہوئی اعزازی تقریب: بے لوث خدمات پر نوازا گیا ’افتخار‘ قوم کا خطاب
04:34PM Sun 11 Dec, 2022

دبئی: 11 دسمبر، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) دبئی کے گرینڈ مرکیور ہوٹل میں کل سنیچر شب بھٹکل مسلم خلیج کاؤنسل کی طرف سے ایک تہنیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مشہور و معروف شخصیت قائد قوم ایس ایم ڈاکٹر خلیل الرحمٰن صاحب کی خدمات کے اعتراف میں ان کی تہنیت کی گئی اور انہیں ’افتخار قوم‘ کے خطاب سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ ان کی حیات و خدمات پر بھٹکل مسلم خلیج کاونسل کی طرف سے ایک ڈاکیومنٹری بھی پیش کی گئی۔
اس تقریب بھٹکل سے خصوصی طور پر چیف قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب خطیبی ندوی ، چیف قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی اور مشہور نوائطی شاعر جناب سمیع اللہ برماور نے شرکت کی اور سید خلیل صاحب کی خدمات کے اعتراف میں اپنے خیالات ظاہر کیے۔
اس نشست میں جناب ڈاکٹر سید خلیل الرحمٰن نے اپنی زندگی کے تجربات سے بہت سی کار آمد باتیں پیش کی اور اپنی زندگی کو دوسروں کے لیے فائدہ مند بنانے پر زور دیا۔انہوں نے اس تقریب کے انعقاد پر بھٹکل مسلم خلیج کاونسل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تجربہ کار لوگوں کے ماتحت رہ کر اپنے قافلے کو آگے بڑھانے کی نصیحت کی ۔
اس کے علاوہ اس تقریب میں شیرور سے تعلق رکھنےوالی معروف شخصیت اور گرین ویلی اسکول کے مینجنگ ٹرسٹی و نائب صدر جنا ب محمد میراں منیگار، بی ایم کے سی کے صدر جناب عمر فاروق مصبا، کینرا مسلم کونسل کے صدر جناب محمد یونس قاضیا سمیت دیگر ذمہ داران نے بھی اپنے اپنے تاثرات پیش کئےاور جناب سید خلیل الرحمٰن کی سماجی خدمات کو سراہا ۔
پروگرام کی نظامت کی کارروائی جناب رحمت اللہ راہی نے انجام دی ۔ بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن منیری، محاسب جناب آفاق نائطے، خازن جناب جیلانی محتشم کے علاوہ گلف کے مختلف شہروں کی جماعتوں کے مندوبین سمیت دبئی جماعت کے ذمہ داران بھی شریک تھے۔