آلٹ نیوز کے صحافی محمد زبیر کو دہلی پولیس نے کیا گرفتار، فرقہ وارانہ بدامنی پھیلانے کا الزام

04:40PM Mon 27 Jun, 2022

نئی دہلی: دہلی پولیس نے پیر کو آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کو گرفتار کیا ہے۔ محمد زبیر کے خلاف سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ بدامنی پھیلانے کا الزام ہے۔ پولیس نے محمد زبیر کو آئی پی سی کی دفعہ 153A اور 295 کے تحت گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق، محمد زبیر کے خلاف 27 تاریخ کو ٹوئٹر کے ذریعہ ایک شکایت ملی تھی، جس میں محمد زبیر کے ایک ٹوئٹ کا ذکر کیا گیا تھا۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے آج محمد زبیر کو پوچھ گچھ کے لئے بلایا تھا، جس کے بعد دہلی پولیس اسپیشل سیل کی IFSO یونٹ نے محمد زبیر کو گرفتار کرلیا۔ دہلی پولیس نے محمد زبیر کو عدالت میں پیش کرکے اس کی پولیس حراست طلب کی ہے۔