انڈسٹری بن گئی ہے تعلیم .... مہنگی پڑھائی پر  سپریم کورٹ کا تلخ تبصرہ

02:19PM Wed 1 Jun, 2022

نئی دہلی  :  یکم جون 22 (ایجنسی) سپریم کورٹ نے ملک کے تعلیمی نظام کو لے کر تلخ تبصرہ کیا ہے ۔ منگل کو ایک معاملہ میں جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس ہما کوہلی کی بینچ نے کہا کہ ملک میں تعلیمی نظام ایک انڈسٹری بن چکا ہے ، جنہیں بڑے کاروباری گھرانے چلا رہے ہیں۔ میڈیکل کالج کی فیس اتنی بڑھ چکی ہے کہ ڈاکٹری کی پڑھائی کرنے کے خواہش مند طلبہ کو یوکرین جیسے دور دراز کے ممالک تک جانا پڑ رہا ہے ۔ سپریم کورٹ کا یہ تلخ تبصرہ فارمیسی کاونسل آف انڈیا کی اس عرضی پر آیا ، جس میں اس نے دہلی اور کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلوں کو چیلنج کیا ہے ۔ کاونسل کے ذریعہ نئے فارمیسی کالج کھولنے پر 2020۔21 کے سیشن سے اگلے پانچ سال تک کے لئے روک لگائی گئی تھی ، جسے ہائی کورٹ نے خارج کردیا تھا ۔ نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق پی سی آئی کے حکم کے خلاف 88 عرضیاں ہائی کورٹ میں داخل کی گئی تھیں ۔ یہ عرضیاں نئے فارمیسی کالج کھولنے کے خواہشمند لوگوں کی طرف سے دائر کی گئی تھیں، کیونکہ نئے کالج کھولنے کیلئے پی سی آئی سے منظوری لینا ضروری ہوتا ہے ۔ پی سی آئی کے اس حکم میں شمال مشرق اور ایسی ریاستوں کو چھوٹ دی گئی تھی ، جہاں پر ڈی فارما اور بی فارما کے کالجز کی تعداد 50 سے کم ہے ۔ پی سی آئی کے حکم پر روک لگاتے ہوئے ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ کاونسل نے اپنے دائرہ اختیار سے آگے جاکر یہ حکم پاس کیا ہے ، ایسے میں اسے جاری نہیں رکھا جاسکتا ۔