کرناٹک میں اب ماسک نہ پہننے پر لگے گا ایک ہزار اور پانچ سو روپئے کا جرمانہ
02:22PM Sun 4 Oct, 2020
بینگلورو: 4 اکتوبر،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست کرناٹک میں کورونا کے بڑھتے معاملات پر قابو پانے کے لیے ریاستی حکومت ہر طرف سے اقدام کر رہی ہے، لیکن عوام کی بے توجہی اور سرکاری ہدایات پر مکمل عمل نہ ہونے کے سبب کورونا کے معاملات روز بروز بڑھتے ہی جارہے ہیں۔
ان سب کے دوران شہری اور دیہی عوام کو ماسک کا پابند کرنے کے لیے ریاستی حکومت نے بڑا قدم اٹھایا ہے اور اس پر لگنے والے جرمانہ کی رقم کو بڑھا کر ایک ہزار اورپانچ سو روپئے کر دیے گئے ہیں۔
بنگلورو میں وزیر طبی تعلیم ڈاکٹر سدھاکر نے اسکی اطلاع دیتے ہوئےکہا کہ موجودہ وقت میں ماسک نہ پہننے والوں پر شہری علاقوں میں 200 روپئے اور دیہی علاقوں میں 100 روپئے کا جرمانہ عائد کیا جارہا تھا۔ لیکن عوام کی بے توجہی کو دیکھتے ہوئےاب جرمانہ کی رقم بڑھا دی گئی ہے۔ ماسک نہ پہننے پر اس مہینے سے شہری علاقوں میں ایک ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا جبکہ دیہی علاقوں میں 500 روپئے کا جرمانہ عائد ہوگا۔ جبکہ بازاروں، شاپنگ مالس اور دیگر عوامی مقامات پر سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنے والوں پر بھی جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
ڈاکٹر سدھا کر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خود سے احتیاط برتنے والے بنیں تاکہ پھر ایک بار لاک ڈاؤن کی نوبت نہ آئے۔