سلیکان سٹی کیلئے فی الحال وائی ۔ فائی کی سہولت فراہم نہیں ہوگی ٹیلی کام کمپنیوں کی عدم دلچسپی سے منصوبہ ناکام، صرف 60 مقامات پر اسمارٹ پول نصب
12:55PM Fri 27 Jul, 2018
بنگلورو 27 جولائی (سالار نیوز) سلیکان سٹی کے شہریوں کو مفت انٹرنیٹ سہولت فراہم کرنے کی غرض سے ریاستی حکومت نے ’مفت بنگلورو وائی۔فائی‘ اسکیم شروع کی تھی جو ابتداء میں ہی ناکام ہوگئی ہے کیونکہ ٹیلی کام کمپنیاں مفت انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے سے پیچھے ہٹ گئے ہیں ۔ ریاستی حکومت نے بنگلورو کے 400 مختلف مقامات پر وائی ۔فائی ’اسمارٹ پول‘ نصب کرکے عوام کو مفت انٹرنیٹ سرویس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن ٹیلی کام کمپنیوں کی عدم دلچسپی کے سبب حکومت کا یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا ہے ۔ ہندوستان کی سلیکان ویلی کے نام سے مشہور بنگلورو میں ہر شخص کو مفت انٹرنیٹ سرویس فراہم کرنے کی غرض سے ریاستی حکومت نے اس منصوبہ کا اعلان کرکے مناسب تعاون فراہم کرنے ٹیلی کام کمپنیوں کو یقین دہانی کرائی تھی ۔ اس کے تحت مفت انٹرنیت سرویس فراہم کرنے والی ایجنسیوں کو پالیکے کی حدود میں اسمارٹ پول کی تنصیب کے لئے تعاون کرنے اور منظوری دینے کیلئے حکومت نے بروہت بنگلورو مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی ) کو ہدایت بھی دی تھی ۔ حکومت کی اس ہدایت پر عمل کرتے ہوئے بی بی ایم پی نے اس کے لئے فوراً متعلقہ ایجنسی کو منظوری دے دی تھی لیکن حکومت کی طرف سے مقرر کردہ 4ایجنسیوں کے مقابلے صرف ایک ایجنسی نے اسمارٹ پول نصب کرنے منظوری حاصل کی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق شہر کے 5,938 مقامات پر مفت وائی ۔ فائی کی سہولت فراہم کرنے کیلئے ہاٹ اسپاٹ قائم کرنے انڈس ٹاؤرس ، ہنی کامب، ڈی۔اویاس اور اے سی ٹی ٹیلی کام کمپنیوں کو منظوری دینے حکومت نے پالیکے کو سرکیولر جاری کیا ہے ۔ لیکن صرف انڈس ٹاورس کمپنی نے شہر کے 60 مقامات پر اسٹارٹ پول نصب کرنے بی بی ایم پی کی او ایف سی ڈویژن سے منظوری حاصل کرکے کئی مقامات پر پول کی تنصیب کا کام شروع کردیاہے اور کئی مقامات پر کام مکمل بھی ہوگیا ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ بی بی ایم پی سنٹرل آفس ، راج بھون روڈ ، کستوربا روڈ سمیت شہر کے کئی مقامات پر انڈس ٹاورس کمپنی نے مفت وائی ۔ فائی اسمارٹ پول نصب کردیا ہے ۔ پول کے قریب عوام اگر اپنے موبائل فون پر وائی ۔ فائی آن کرنے کی صورت میں اسکرین پر ’بنگلورو وائی ۔ فائی ‘ دکھانے کے ساتھ ہی انٹرنیٹ کنیکٹ ہونے کی اطلاع بھی ملتی ہے لیکن انٹرنیٹ دستیاب نہیں ہورہا ہے ۔ جس کے سبب لوگ اس سرویس سے خوش نظر نہیں آرہے ہیں ۔ دریں اثناء ٹیلی کمپنیوں کی طرف سے مفت وائی ۔ فائی سرویس کی فراہمی میں عدم دلچسپی کی وجہ یہ بھی بتائی جارہی ہے کہ اسمارٹ پول نصب کرنے والی ایجنسیوں کو فی پول 62,000 روپئے او ایف سی پالیکے کو ادا کرنے پڑتے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی 18 فیصد جی ایس ٹی سمیت فی پول کیلئے 73,160 روپئے ادا کرنے کی صورت میں پالیکے 5 سال کی مدت تک کیلئے منظوری دے گی ۔ پول کی تنصیب کی فیس دوگنی کردیئے جانے کی وجہ سے ٹیلی کام کمپنیاں مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے میں پیچھے ہٹ رہی ہیں ۔ بی بی ایم پی کمشنر این منجوناتھ پرساد نے اس سلسلہ میں بتایا کہ مفت وائی ۔ فائی کی سہولت فراہم کرنے کیلئے کس کمپنی کو موقع فراہم کرنا ہوگا اس کا فیصلہ محکمہ انفرمیش ٹیکنالوجی کرے گی ۔ متعلقہ کمپنی کو منظوری دینے کی ذمہ داری بی بی ایم پی کی ہے ۔