مدھیہ پردیش : خوفناک ٹرین حادثہ میں تین مال بردارگاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں ،1لوکو پائلٹ ہلاک ،2افراد زخمی
05:56AM Wed 19 Apr, 2023

شاہدول۔ مدھیہ پردیش سے بڑی خبر آ رہی ہے۔ یہاں ایک خوفناک ٹرین حادثہ پیش آیا ہے۔ تین مال گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے بعد موقع پر خوف و ہراس پھیل گیا۔ تین ٹرینوں کے آپس میں ٹکرانے سے محکمہ ریلوے میں ہلچل مچ گئی۔ اس دل دہلا دینے والے حادثے میں 1 لوکو پائلٹ کی موت ہو گئی، جب کہ 2 دیگر ریلوے اہلکار وں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ حادثے کے بعد موقع پر کہرام مچ گیا۔ ابتدائی طور پر موقع پر تعینات ملازمین کو سمجھ نہیں آ یا کہ یہ اچانک کیسے ہو گیا۔ اس سب کے درمیان بڑا سوال یہ ہے کہ جب ایک گڈز ٹرین پہلے ہی ایک ٹریک پر کھڑی تھی تو دوسری ٹرین کو اسی لائن پر آنے کا سگنل کیسے دیا گیا؟
اطلاعات کے مطابق تین مال بردار ٹرینوں کے ایک ساتھ ٹکرا جانے کا یہ واقعہ صبح 6:25 بجے پیش آیا۔ شاہڈول سے متصل سنگھ پور ریلوے اسٹیشن پر ایک مال گاڑی پہلے سے ہی کھڑی تھی۔ صبح ایک اور مال گاڑی آئی اور اس سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے وقت ایک اور مال ٹرین سنگھ پور اسٹیشن سے گزر رہی تھی جو اس کی زد میں آ گئی۔
اس ہولناک ٹرین حادثے میں لوکو پائلٹ کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ دو دیگر ریلوے اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ فی الحال یہ معلوم نہیں کہ جب گڈز ٹرین پہلے ہی ایک لائن پر کھڑی تھی تو دوسری ٹرین کو اسی ٹریک پر آنے کی اجازت کیسے ملی؟ اس سوال کا جواب تحقیقات کے بعد ہی مل سکے گا۔ سنگھ پور ریلوے اسٹیشن بلاس پور-کٹنی ریلوے لائن پر آتا ہے۔ یکے بعد دیگرے 3 مال گاڑیوں کے حادثے کی وجہ سے اس سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے۔
خوش قسمتی سے اس خوفناک ٹرین حادثے کے وقت سنگھ پور ریلوے اسٹیشن پر کوئی مسافر ٹرین موجود نہیں تھی۔ اس وقت کوئی مسافر ٹرین بھی وہاں سے نہیں گزر رہی تھی ورنہ بڑی تعداد میں لوگ مارے جا سکتے تھے۔ اس جگہ کا نظارہ بہت خوفناک تھا جب تین مال گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ کئی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ وہاں بھی آگ لگ گئی۔