کرناٹک میں ٹیپو سلطان کے مجوزہ مجسمے پر کھڑا ہوا تنازعہ
11:23AM Wed 16 Nov, 2022
میسور: 16 نومبر، 2022 (ذرائع) کرناٹک میں اپوزیشن کانگریس کے ایک رکن اسمبلی تنویر سیٹھ نے شیر میسور ٹیپو سلطان کا 100 فٹ بلند مجسمہ نصب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جسے ان کے مطابق ٹیپو سلطان کے دور کے سابقہ دارالحکومت سرنگاپٹنم یا پھر دریائے کاویری کے ساحل پر نصب کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بنگلورو شہر کے بانی نداپربھو کیمپے گوڈا کے 108 فٹ بلند مجسمے کی جمعے کے روز نقاب کشائی کی تھی۔
ریاست کی حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی اور سنگھ پریوار سے وابستہ متعدد شدت پسند ہندو تنظیموں نے ٹیپو سلطان کا مجسمہ نصب کرنے کی تجویز کی شدید مخالفت کی ہے۔ حالانکہ بی جے پی کا ایک حلقہ مجسمے کی تنصیب کی تائید بھی کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ اٹھارہویں صدی میں میسور کے حکمراں اور حیدر علی کے بیٹے ٹیپو سلطان نے انگریزوں کے ساتھ جنگ لڑتے ہوئے سری رنگا پٹنم میں اپنی جان دے دی تھی۔ بھارتی تاریخ میں انہیں ایک عظیم محب وطن قرار دیا جاتا ہے۔
تاہم سنگھ پریوار کا الزام ہے کہ وہ ایک ''ظالم‘‘ حکمراں تھے۔ جنہوں نے کرناٹک کے موجودہ جنوبی کنڑا ضلع کے کوڈاگو میں ہزاروں ہندوؤں کا قتل کرایا یا انہیں اپنا مذہب تبدیل کرنے کے لیے مجبور کیا۔ بیشتر مورخین اس الزام کو سیاست اور مسلم دشمنی پر مبنی قرار دیتے ہیں۔