سڑک حادثہ میں وفات پانے والے نوجوان حسین بڈھن گری  کے گھر پہنچ کر تنظیم کے  وفد نے اہل خانہ سے کی تعزیت

03:22PM Thu 19 Aug, 2021

بھٹکل : 19 اگست،2021 (راست) تنظیم کے ذمہ داروں پر مشتمل ایک وفد نے کل حادثے میں جاں بحق ہونے والے آزاد نگر سے ملحقہ علاقے شیرکلی ہونڈا کےنوجوان مرحوم حسین بن حنیف کے گھر پہنچ کر آج گھر والوں سے تعزیت کی۔ واضح رہے کہ مرحوم محمد حسین  منگل کی شب بھٹکل کے بندر روڈ پر حادثہ کا شکار ہوکر شدید زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد وہ دوسرے دن منی اسپتال میں اپنے زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے تھے۔ اس موقع پر نائب صدر تنظیم جناب عتیق الرحمن منیری نے تعزیتی گفتگو کرتے ہوئے اس اندوہناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار  کیا اور کہا کہ اس کٹھن وقت میں تنظیم آپ کے ساتھ ہے۔ انہوں نے اس موقع پر تنظیم کی جانب سے اہل خانہ کی مالی امداد کا بھی بھروسہ دلایا۔ اس موقع پر تنظیم مالی امداد کمیٹی  کے کنوینر مولانا سید محمد یاسر برماور ندوی نے بھی تعزیتی کلمات کہتے  ہوئے صبر کی اہمیت اور قضا و قدر کے فیصلے پر راضی رہنے کی تلقین کی۔ آخرمیں بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر مولوی عزیز الرحمن رکن الدین نے مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کے لئے دعا فرمائی۔  اس وفد میں تنظیم کے رکن انتظامیہ اور سابق صدر بلدیہ جناب مٹا صادق صاحب بھی میں شامل تھے۔ اہل خانہ اور علاقے کے ایک ذمہ دار جناب منیر احمد صاحب نے تنظیم کے اس وفد کا شکریہ ادا کیا۔ ادارہ بھٹکلیس بھی اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا گو ہے کہ اللہ تعالٰی اس نوجوان کی بال بال مغفرت فرمائے اور گھر والوں کو صبر جمیل نصیب فرمائے۔آمین