’جس طرح آپ کو جانچ ایجنسیاں ہدف بنا رہیں، میں مذمت کرتا ہوں‘، راہل گاندھی نے سنجے راؤت کو لکھا خط
02:07PM Wed 9 Mar, 2022
کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے شیوسینا رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت کو ایک خط لکھ کر ان کے تئیں اپنی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ساتھ ہی خط میں راہل گاندھی نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی کارروائی پر طنز بھی کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے’’سنجے راؤت جی، امید ہے کہ آپ کو میرا خط مل گیا ہوگا۔ میرا یہ خط آپ کے ذریعہ 8 فروری کو راجیہ سبھا چیئرمین ونکیا نائیڈو کو لکھے خط کی حمایت میں ہے۔ آپ کو اور آپ کے کنبہ کو جس طرح سے مرکزی جانچ ایجنسی ہدف بنا رہی ہیں میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔ آپ نے خط میں جس طرح سے جانچ ایجنسیوں کے ذریعہ استحصال اور دھمکی کی مثال دی ہے، وہ مودی حکومت کی قلعی کھول رہی ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے اس خط میں جانچ ایجنسی کے غلط استعمال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’لگاتار جانچ ایجنسیوں کا غلط استعمال کے لیے خطرناک ہے۔ یہ حکومت اپوزیشن کو خاموش کرانا چاہتی ہے۔ میں آپ کو بھروسہ دیتا ہوں کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ آپ کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔
دوسری طرف رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے راہل گاندھی کی طرف سے لکھے گئے خط کی کاپی اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کی ہے۔ اس میں لکھا ہے ’’شکریہ راہل گاندھی! جمہوری اقدار اور آزادی کی حفاظت سے متعلق ہماری کوششوں میں ہمیں ایک ساتھ لڑنا ہوگا۔‘‘