بھٹکل میں ساٹھ لاکھ کی مالیت کے سونے کے ساتھ دو افراد کو کیا گیا گرفتار: چوری کا مال بیچنے کی ہورہی تھی تیاری

02:42PM Thu 6 Aug, 2020

بھٹکل: 6 اگست،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں کل بدھ کی رات کو بھٹکل پولس محکمہ کے افسران نے پھول بازار میں ایک کار سے ساٹھ لاکھ کی مالیت کے سونے اور نقدی کے ساتھ ہبلی سے آئے دو نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان کی شناخت شیلیش مہادیو پاٹل (33) اور ویپول سنجے دیشمکھ (25) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ دونوں ہبلی سے بھٹکل آئے تھے جس میں سے شیلیش ہبلی کا رہنے والا ہے اور ویپول مہاراشٹرا کے ستارا کا رہنے والا ہے۔ اس تعلق سے ضلع ایس پی نے اخباری بیان جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بھٹکل پولس نے ان کے پاس سے ساٹھ لاکھ کی مالیت کا سونا سمیت دس لاکھ روپئے نقد، ایک کار اور دو موبائیل بھی ضبط کرلیے ہیں۔ گرفتاری کے بعد بھٹکل پولس تھانہ میں ان پر مختلف دفعات کے تحت چوری کرکے مال بیچنے کے جرم میں معاملات درج کیے گئے ہیں۔ اے ایس پی نکھل بلاور کی قیادت میں اس معاملہ کی مزید چھان بین کی جارہی ہے۔