امریکہ میں پاکستانی سفیر کے خلاف مقدمہ درج

06:37AM Thu 21 Feb, 2013

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں پولیس نے امریکہ میں پاکستانی سفیر شیری رحمان کےخلاف توہین رسالت کے قانون کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمہ ملتان کے ایک شہری فہیم گِل کی درخواست پر درج کیا گیا ہے۔ مدعی نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ شیری رحمان نے تیس نومبر سنہ دو ہزار دس کو پاکستان کے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’دنیا میرے آگے‘میں توہین رسالت کے قانون سے متعلق گفتگو کے دوران ایسے کلمات ادا کیے جو توہین رسالت کے زمرے میں آتے ہیں۔ صحافی غضنفر عباس کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے امریکہ میں پاکستانی سفیر کےخلاف توہین رسالت کے قانون کے تحت درج مقدمے کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا۔ البتہ ترجمان نے کہا ہے کہ اگر ایسا کوئی مقدمہ درج ہوا ہے تو یہ ان ذاتی حیثیت میں درج ہوا اور وہ اپنا موقف پیش کریں گی۔ ملتان پولیس کے سینئر سپرنٹینڈنٹ غلام شبیر جعفری نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ مقدمہ درج کر کے مدعی کو شامل تفتیش کر لیاگیا ہے اور اس مقدمے کے حوالے سے شہادتیں اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ مدعی فہیم اختر گِل کی ابتدائی کوشش پر پولیس نے رپورٹ درج نہیں کی تھی جس پر مدعی نے سپریم کورٹ سے رجوح کیا۔ سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے مقامی پولیس کو قانون کےمطابق کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا۔ سپریم کورٹ کا بینچ جسٹس انور ظہیر جمالی اور جسٹس اعجاز افضل پر مشتمل تھا۔ لیکن جب پولیس نے سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود مقدمہ نہ درج ہوا تو مدعی نے لاہور ہائیکورٹ کےملتان بینچ میں پٹیشن دائر کی جس میں پولیس پر توہین عدالت کا الزام عائد کیا۔ ملتان پولیس نے لاہور ہائی کورٹ کےملتان بینچ کو مطلع کیا کہ ملتان کے تھانہ چہلیک میں مقدمہ درج کر لیاگیا۔ مدعی کا کہنا ہے مقامی پولیس نےگزشتہ تاریخ میں شیری رحمان کےخلاف دو سو پچانوے سی کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔ مدعی مقدمہ فہیم گل کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر عامر ذوالفقار نے مقدمے کی تفتیش کے لیے ایس پی انوسٹی گیشن غلام شیبر جعفری، ایس پی کینٹ نذر عباس اور ڈی ایس پی کینٹ سلیم نیازی پر مشمتل انکوائری بورڈ بھی بنا دیا ہے جس نے مقدمہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ BBC URDU