Federation Must Work for Moral and Social Reform of Youth: BMYF President at Annual General Meeting
10:46AM Wed 27 Aug, 2025

بھٹکل، 27 اگست 2025: (پریس ریلیز) بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن (BMYF) کا سالانہ اجلاس عام منگل، 26 اگست 2025 کو رابطہ ہال بھٹکل میں منعقد ہوا۔جلسہ کا آغاز مولانا سید سالک برماور ندوی کی پُراثر تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، اس کے بعد حافظ عمیر نے نعتِ رسول ﷺ پیش کی۔
جنرل سکریٹری بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن، جناب مبشّر عثمان ہلارےنے حاضرین کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس کے بعد فیڈریشن کے سکریٹری جناب ایاد ایس۔ ایم۔ ندوی نے سال بھر کی سرگرمیوں اور کارناموں پر مشتمل جامع سالانہ رپورٹ پیش کی۔ اندرونی آڈیٹر جناب روشن کندنگُدا نے مالی رپورٹ پیش کی اور آمدنی و اخراجات میں شفافیت پر زور دیا۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی، جنرل سکریٹری مجلسِ اصلاح و تنظیم، مولانا عبدالرقیب ایم۔ جے۔ ندوی نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ نوجوان ملت کے مستقبل کے قائد ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ فیڈریشن مختلف اسپورٹس سینٹروں سے ابھرنے والی صلاحیتوں کو پہچانے اور ان کی تربیت کرے تاکہ مستقبل کی مضبوط قیادت تیار ہو۔
فیڈریشن کے صدر مولانا وصی اللہ ڈی۔ ایف۔ ندوی نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا کہ اسپورٹس سینٹر صرف کھیل کود تک محدود نہ ہوں بلکہ ان کو اخلاقی اور سماجی اصلاح کا ذریعہ بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں کو بُری عادات سے بچانے کے لیے نرمی اور محبت کے ساتھ رہنمائی کی جائے۔ آخر میں انہوں نے تمام اراکین اور سینٹروں سے اپیل کی کہ وہ فیڈریشن کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے میں بھرپور تعاون کریں۔
اجلاس کا اختتام صدرِ فیڈریشن کی دعا پر ہوا، جس کے بعد عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا۔
اسٹیج پر نائب صدر اول ایڈوکیٹ سید عمران لنکا، نائب صدر دوم ایڈوکیٹ آفاق کولا، خازن رمیز کولا، تعلیمی سکریٹری وسیم اسرمٹا، سماجی سکریٹری ظہیر شیخ، اسپورٹس سکریٹری طلحہ ترچناپلی، اور ڈسپلن سکریٹری مولانا ابوبکر تونسے سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔ مولانا بشار ندوی نے نظامت کے فرائض نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیے۔