دہلی فسادات: بُک لانچ میں کپل مشرا تھے مہمان خصوصی! سوشل میڈیا پر ہنگامہ کے بعد تقریب منسوخ
02:13PM Sat 22 Aug, 2020
نئی دہلی: دہلی فسادات پر مبنی کتاب ’دہلی رائیوٹس 2020، دی ان ٹولڈ اسٹوری‘ کا اجرا منسوخ ہو گیا ہے۔ رسم اجرا کی منسوخی کا اعلان کتاب کے پبلیشر بلومس بری انڈیا نے کیا ہے۔ کتاب کے اجرا کی تقریب میں بی جے پی لیڈر کپل مشرا کو بھی مدعو کیا گیا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
اضح رہے کہ یہ کتاب سی اے اے مخالف احتجاج کے درمیان رواں سال فروری میں راجدھانی دہلی میں ہونے والے فسادات پر مبنی ہے اور دعوی کیا گیا ہے کہ کتاب میں کئی واردات سے متعلق حقیقت بیان کی گئی ہے۔ لیکن جس طرح سے کتاب کے اجرا کے لئے کپل مشرا جیسے نفرت پھیلانے والے لیڈر کو مدعو کیا گیا ہے اس سے لوگوں کو یہ سمجھتے دیر نہیں لگی کہ کتاب جاری کرنے کا مقصد کیا ہے۔ کتاب کے خلاف سوشل میڈیا پر ہونے والے تنازعہ کے بعد بلومس بری انڈیا نے کتاب کا اجرا منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فری پریس جرنل کی رپورٹ کے مطابق کتاب فروخت کے لئے ’ایمیزون‘ پر موجود ہے لیکن آرڈر کرنا ممکن نہیں ہو پا رہا ہے۔ کتاب کی تفصیل میں لکھا گیا ہے، ’’دہلی رائیوٹس 2020، دی ان ٹولڈ اسٹوری، فسادات کے پیچھے کی دھماکہ خیز کہانی، تشدد کس طرح بھڑکا اور کیسے سازش کو عملی جامع پہنایا گیا، ہتھیار کس طرح لائے گئے اور کہاں ان کا ذخیرہ کیا گیا اور حقیقت میں کیا کیا ہوا تھا، وہ سب کچھ بیان کرتی ہے۔‘‘
کتاب کے حوالہ سے سوشل میڈیا پر لوگوں کا غصہ اس وقت ظاہر ہوا جب ایک خبر وائرل ہوئی جس میں کہا گیا کہ دہلی سے تعلق رکھنے والے بی جے پی لیڈر کپل مشرا، جن کی اشتعال انگیز تقریر کے بعد دہلی میں فساد کی آگ بھڑکی، کو کتاب کی رسم اجرا میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
کپل مشرا کی اتنی عزت افزائی کیے جانے کی خبر سے بہت سے لوگوں کو تکلیف پہنچی، تاہم بعد میں پبلشنگ ہاؤس نے خود کو تنازعہ سے دور رکھنے کی پوری کوشش کی اور کہا کہ ان کا ’لوگو‘ بلا اجازت استعمال کیا گیا ہے۔ بعد میں پبلیشر نے ڈیمیج کنٹرول کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ وہ شاہین باغ پر بھی ایک کتاب شائع کرنے جا رہے ہیں۔ اس کتاب میں بتایا جائے گا کہ شاہین باغ کا ایک مظاہرہ کس طرح بڑی تحریک میں تبدیل ہو گیا لیکن پھر بھی لوگوں کا غصہ کم نہیں ہوا۔
اب ٹوئٹر پر نیوز لانڈری سے وابستہ خاتون صحافی آکانکشا کمار نے یہ اطلاع دی ہے کہ بلومس بری انڈیا نے دہلی فسادات پر مبنی کتاب کی رسم اجرا کو منسوخ کر دیا ہے۔ بلومس بری انڈیا کی طرف سے کہا گیا ہے، ’’حال ہی میں پیش آئے کچھ واقعات بشمول مصنفین کو بتائے بغیر اجرا کے تعلق سے ایسی اطلاع جاری کرنا جس کے لئے پبلیشر کی اجازت نہیں لی گئی، ہم نے کتاب کے اجرا کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘