سنیچر اور اتوار کو منعقد ہونے والے ووٹر رجسٹریشن کیمپ سے فائدہ اٹھانے کی مجلس اصلاح و تنظیم نے کی  اپیل

03:28PM Fri 2 Dec, 2022

بھٹکل : 2 دسمبر،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) حکومت کی طرف سے کئی دنوں سے ووٹر آئی ڈی کارڈ بنانے یا اس میں تصحیح اور حذف و اضافہ  کرنے کی مہم چلی ہوئی ہے،  اسی کے تحت  کل بروز سنیچر اور اتوار  دو دن اس کا کیمپ منعقد ہورہا ہے جس کے تحت لوگ اپنے اپنے علاقے کے پولنگ بوتھ میں جاکر اپنا شناختی کارڈ بنا سکتے ہیں یا اس میں تصحیح اور حذف و اضافہ  بھی کرسکتے ہیں۔ اس کی اطلاع آج یہاں مجلس اصلاح و تنظیم میں منعقد اخباری کانفرنس میں بات کرتے ہوئے جنرل سکریٹری جناب عبدالرقیب ایم جے نے دی ۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری نے  اس دو روزہ کیمپ سے فائدہ اٹھانے کے لیے زور دے کر کہا کہ جن کی عمر 18 سال ہوئی ہے  یا وہ افراد جن کے ابھی تک شناختی کارڈ نہیں بنے ہیں وہ اپنے ساتھ تمام  دستاویزات  لے کر ان دو دنوں میں اپنے علاقے کے پولنگ بوتھ میں جا ئیں اور اولین فرصت میں اس کارروائی کو انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کیمپ میں کسی کو  شناختی کارڈ میں اپنا پتہ تبدیل کرنا ہے یا پھر کسی کو نام میں تبدیلی  کرنی ہے یا فوت ہونے والے افراد کا نام نکالنا ہو تو اس کی بھی کارروائی انجام دی جاسکتی ہے ۔ خیال رہے کہ اگر آ پ کے پاس شناختی  کارڈ ہے توبھی آپ  ایک بار ووٹر لسٹ میں اپنے نام اور گھر والوں کے نام کی جانچ کریں تاکہ  ایسا نہ ہو کہ آپ کا نام اس میں سے حذف ہو  اور آپ کو پتا تک نہ  چلے ۔ [embedyt] https://www.youtube.com/watch?v=GpPHAvh5VkI[/embedyt]