کورونا کے چلتے بھٹکل میں محدود پیمانے پر منعقد ہوئی یوم جمہوریہ تقریبات: تعلقہ اسٹیڈیم میں اسسٹنٹ کمشنر نے لہرایا ترنگا
12:59PM Wed 26 Jan, 2022

بھٹکل: 26 جنوری، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ہندوستان آج اپنا 73 واں یوم جمہوریہ منا رہا ہےلیکن اس بار کورونا وائرس انفیکشن کے تیزی سے پھیلنے کے سبب یوم جمہوریہ کی رنگا رنگ تقریبات میں کچھ احتیاطی اقدامات کئے گئے تھے جس کی وجہ سے ان تقریبات کو محدود پیمانے پر منانا پڑا۔ بھٹکل میں آج تمام تعلیمی اداروں سمیت سرکاری دفاتر اور ملی اداروں میں ترنگا لہرایا گیا اور دستور کی حفاظت کرنے اور اس پر عمل پیرا رہنے کا عہد لیا گیا ۔
بھٹکل میں عوام کے لیے نوائط کالونی میں واقع تعلقہ اسٹیڈیم میں یوم جمہوریہ تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جہاں بھٹکل کی اسسٹنٹ کمشنر محترمہ ممتا دیوی نے ترنگا لہراتے ہوئے سلامی دی جس کے بعد مختلف زمروں میں امتیازی مقامات حاصل کرنے والوں کی تہنیت کی گئی ۔ تاہم کورونا کی پابندیوں کی وجہ سے اس بار اسکول کے طلبہ کا مارچ پاسٹ اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد نہیں ہوسکا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سمیت رکن اسمبلی سنیل نائک، تحصلدار روی چندرا، بی ای او دیوی داس موگیر ، میونسپال صدر پرویز قاسمجی اور دیگر حضرات موجود تھے۔
جامعہ اسلامیہ میں صدر جامعہ کے ہاتھوں پرچم کشائی: ہر سال کی طرح امسال بھی جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں آج یوم جمہوریہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا جہاں صدر جامعہ مولانا عبدالعلیم قاسمی کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔ اس موقع پر مہتمم جامعہ مولانا مقبول کوبٹے ندوی سمیت دیگر اساتذہ کرام موجود تھے۔
نیو شمس اسکول میں عنایت اللہ شابندری کے ہاتھوں ہوئی پرچم کشائی: ادارہ تربیت اخوان کے تحت چلنے والے نیو شمس اسکول میں بھی ہمیشہ کی طرح یوم جمہوریہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت بھٹکل کی مشہور شخصیت اور جے ڈی ایس لیڈر جناب عنایت اللہ شابندری صاحب نے شرکت کی اور ترنگا لہرایا ۔ اس موقع پر اسکول چیرمین جناب قادر میراں پٹیل صاحب، پرنسپال اسکول جناب لیاقت علی، مولانا سید زبیر ایس ایم، مولانا عزیز الرحمٰن رکن الدین ندوی، جناب حبیب اللہ رکن الدین، پروفیسر اے ایم ملا وغیرہ موجود رہے۔
مجلس اصلاح و تنظیم میں نائب صدر کے ہاتھوں لہرایا گیا جھنڈا: بھٹکلی مسلمانوں کے سماجی و سیاسی ادارے مجلس اصلاح و تنظیم میں آج نائب صدر تنظیم جناب عتیق الرحمٰن منیری نے پرچم کشائی کرتے ہوئے سلامی پیش کی ۔ اس موقع پر مجلس اصلاح و تنظیم کے ذمہ داران سمیت دیگر عوام بھی موجود تھے۔
اسلامیہ اينگلواردو ھائی اسکول میں نعیم قاضی کے ہاتھوں پرچم کشائی: آج یوم جمہوریہ کی مناسبت سے اسلامیہ اینگلواردوہائی اسکول،بھٹکل میں 73واں یوم جمہوریہ منایاگیا اور پرچم کشائی مہمان خصوصی جناب نعیم قاضی (سابق لائبریرین ائی،اے،یو،ایچ ،ایس)کے ہاتھوں ہوئی ،اس موقع پر تمام اساتذہ ودیگر حضرات بھی شریک رہے۔
عبد الحمید صاحب کے ہاتھوں علی پبلک اسکول میں ہوئی پرچم کشائی: یوم جمہوریہ کی مناسبت سے آج علی پبلک اسکول میں بھی پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں مہمانان خصوصی کے طور پر صدر جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عبد العلیم قاسمی صاحب اور مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد ندوی نے شرکت کی جبکہ جناب عبدالحمید صاحب کے ہاتھوں پرچم کشائی کی تقریب عمل میں آئی۔اس موقع پر بانی وجنرل سکریٹری مولانا الیاس ندوی اور اے پی ایس کے اساتذہ کرام موجود رہے ۔
انجمن پی یو کالج میں عتیق الرحمٰن منیری کے ہاتھوں پرچم کشائی: انجمن پی یو کالج فار مین میں امسال نائب صدر مجلس اصلاح و تنظیم جناب عتیق الرحمٰن منیری نے ترنگا لہراتے ہوئے سلامی دی اور دستوری حقوق کے تعلق سے مختصر خطاب بھی کیا ۔ اس موقع پر پرنسپال انجمن کالج جناب یوسف کولا اور دیگر لکچرار موجود رہے۔
بھٹکل میونسپال میں صدر کے ہاتھوں کھینچا گیا ترنگا: بھٹکل میونسپالٹی میں میونسپال صدر جناب پرویز قاسمجی نے ترنگا لہرا کر سلامی پیش کی ۔اس موقع پر میونسپال کے کونسلر اور ذمہ دار موجود تھے۔
اس کے علاوہ بھٹکل کے سرکاری دفاتر اور دیگر اداروں اور اسپورٹس سینٹروں میں بھی یوم جمہوریہ کی تقریبات منعقد کرتے ہوئے ترنگا لہرایا گیا۔


















