میکے ڈاٹو پراجیکٹ کا مطالبہ لے کر کانگریس کی ریلی ہوئی عارضی طور پر معطل : تیسری لہر کے ختم ہونے کے بعد دوبارہ شروع ہوگی پد یاترا
04:21PM Thu 13 Jan, 2022

رام نگر:13 جنوری، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) میکے ڈاٹو واٹر پراجیکٹ کا مطالبہ لے کر شروع کی گئی کانگریس کی پیدل یاترا کو کانگریس نے کویڈ کے بڑھتے ہوئے معاملوں کو دیکھتے ہوئے عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رام نگر میں کانگریس کے ضلعی دفتر میں کرناٹک کے سابق وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر سدرامیا نے پارٹی قائدین کی میٹنگ کے بعد بتایا کہ ہم نے دو ماہ قبل اس پیدل ریلی کا اعلان کیا تھا تو اس وقت کوئی کورونا کی وبا نہیں تھی مگر اب ہم یہاں کویڈ انفیکشن میں اضافے کو دیکھتے ہوئے اپنی ریلی کو روک رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر ختم ہونے کے بعد ہم اسی میدان سے دوبارہ اس ریلی کی شروعات کریں گے۔
سدارمیا نے بی جے پی پر کورونا پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کویڈ معاملات میں اضافے کے لیے کانگریس نہیں بلکہ بی جے پی حکومت ذمہ دار ہے۔ سدرامیا نے کہا کہ ہم حکومت سے ڈرنے والے نہیں ہیں، بی جے پی کا مقصد کسی نہ کسی طرح ہماری پیدل یاترا پر پابندی لگانا تھا لیکن ہم یہ بھی ہرگز نہیں چاہتے کہ ہماری ریلی کی وجہ سے لوگوں کی صحت پر کوئی اثر پڑے۔ ہم ایک ذمہ دار سیاسی پارٹی ہیں یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ کورونا انفیکشن کسی بھی وجہ سے ہماری پیدل یاترا سے نہ بڑھے۔ ہم نے یہ فیصلہ عوام کی صحت کے پیش نظر عوام کے بہترین مفاد میں کیا ہے۔