متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کا ہوا انتقال

11:12AM Fri 13 May, 2022

دبئی: 13 مئی،2022 (ایجنسی) اماراتی سرکاری خبر رساں ایجنسی ڈبلیو اے ایم نے جمعہ کو اطلاع دی ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کا آج یعنی 13 مئی 2022 بروز جمعہ کو انتقال ہوگیا۔ وہ 73 سال کے تھے۔ ایجنسی نے ٹویٹر پر لکھا کہ وزارت صدارتی امور نے اعلان کیا ہے کہ جھنڈوں کے ساتھ 40 دن کا سرکاری سوگ منایا جائے گا۔ وفاقی، مقامی سطحوں اور نجی شعبے میں وزارتوں اور سرکاری اداروں کو تین دن تک بند رکھا جائے گا۔ اطلاع کے مطابق شیخ خلیفہ بن زید النہیان کئی سال سے بیماری سے لڑ رہے تھے۔ وہ اپنے بھائی ابو ظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زید  کے ساتھ حکومتی معاملات میں شریک رہے، لیکن طویل عرصے سے ناسازی صحت کی وجہ سے علیل تھے۔ ان کے جانشین کے بارے میں فوری طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان 1948 میں پیدا ہوئے۔ شیخ خلیفہ کو 2004 میں اپنے طویل عرصے سے خدمت کرنے والے والد شیخ زید النہیان کی جگہ کے لیے منتخب کیا گیا جو 1971 میں تخت پر بیٹھے تھے۔