کسانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے: راہل گاندھی

03:38PM Sun 3 Oct, 2021

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری میں کسانوں کو کچلنے کے واقعہ کو غیر انسانی قرار دیا اور کہا کہ اس قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کرکے ایک خبر پوسٹ کی ہے کہ بی جے پی لیڈر کی گاڑی نے کسانوں کو کچل دیا، جس کے بعد اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری میں کسانوں نے کار میں آگ لگا دی۔
وزیر اعظم نریندر مودی کا نام لیے بغیر ان پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ جو اس غیر انسانی قتل عام کو دیکھ کر بھی خاموش ہے وہ پہلے ہی مر چکا ہے۔ لیکن ہم اس قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے- کسان ستیہ گرہ زندہ باد۔
خبروں میں کہا جا رہا ہے کہ لکھیم پور کھیری میں مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کے بیٹے نے کسانوں پر اس وقت گاڑی چڑھا دی، جب کسانوں نے مرکزی وزیر مملکت برائے زراعت اجے مشرا اور ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ کیشوا پرساد موریہ کے آنے کی اطلاع پر کسانوں نے ہیلی پیڈ پر قبضہ کرلیا۔ کسان زراعت سے متعلق قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔