تری پورہ میں مسلم کش فسادات کے خلاف بھٹکل میں پی ایف کا احتجاج:قانونی چارہ جوئی کا مطالبہ
02:41PM Fri 29 Oct, 2021

بھٹکل : 29 اکتوبر، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) تری پورہ میں ہورہے فرقہ وارانہ فسادات کی مذمت کرتے ہوئے آج عصر بعد بھٹکل میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ان فسادات کو روکنے کی مانگ کی۔
پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ایک ذمہ دارنے ریاست تریپورہ میں ہونے والے فرقہ وارانہ فساد کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دراصل یہ ملک کی سیکولر شناخت اور تکثیری حیثیت پر حملہ ہے۔
انہوں نے مرکزی اور تری پورہ کی ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ وہ ملک میں امن و امان کی فضا بحال کرنے میں چستی دکھائیں اور احتیاطی تدابیر و قانونی چارہ جوئی سے اس پر روک لگائیں ۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش میں ہوئے فسادات کے رد عمل میں تری پورہ میں شمال مشرقی ریاستوں کے دائیں بازو کے عناصر نے 20 اکتوبر سے فسادات کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے جس میں اب تک 6 مساجد،مسلم اقلیتی طبقہ کے تقریباً ایک درجن سے زائد مکانات اور دکانیں جل کر خاکستر ہوچکی ہیں۔
اس موقع پر مظاہرین کی طرف سے ان فسادات کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔

