رابطہ سوسائٹی کی طرف سے عطیہ کی جانے والی مردہ خانہ کی عمارت کا آج رکھا گیا سنگ بنیاد

04:53PM Sun 13 Feb, 2022

بھٹکل: 13 فروری، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل مسلم خلیج کونسل (رابطہ سوسائٹی) کی طرف سے شہر میں ترقیاتی کاموں میں تعاون کرنے کی فہرست میں ایک اور کام جڑ گیا ہے۔ رابطہ کی طرف سے بھٹکل سرکاری اسپتال کے لیے عطیہ کی جانے والی مردہ خانہ کی عمارت کے لیے آج سنگ بنیاد رکھا گیا۔ اس موقع پر جناب ابراہیم صاحب نے بھٹکل تعلقہ اسپتال کی ترقی پر ڈاکٹر سویتا کامت کو مبارکباد دی اور کہا کہ اسپتال کو مزید بہتر بنانے کے لیے انہیں اور کام کرنا چاہئے۔ اس موقع پر تعلقہ اسپتال کی ایڈمنسٹریٹیو افسر ڈاکٹر سویتا کامت نے رابطہ کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسے این جی او کی وجہ سے اس شہر میں اسپتال کی ترقی ہورہی ہے انہوں نے اس عمارت کا عطیہ کرنے پر ذمہ داران کا شکریہ بھی ادا کیا۔ واضح رہے کہ سرکاری اسپتال کے احاطے میں موجود مردہ خانہ کی عمارت بالکل چھوٹی اور خستہ حال ہے جسے دیکھتے ہوئے رابطہ کے ذمہ داران نے سرکاری اسپتال کی جگہ پر ہی اس کے لیے نئی عمارت بنانے کا منصوبہ کیا ہے اور اس کے لیے عطیہ کیا ہے۔ اس موقع پر جناب محی الدین رکن الدین صاحب، جناب جیلانی شابندری صاحب، جناب مناظر سکری صاحب، جناب سید ہاشم ایس جے صاحب اور دیگر حضرات موجود تھے۔ خیال رہے کہ کچھ روز قبل رابطہ کی طرف سے  حکومت کے ماتحت چلنے والے ساگر روڈ پر واقع عوامی پارک کو عطیہ کی گئی بہت سی چیزوں کا افتتاح بھی عمل میں آیا تھا۔